عوام کی خدمت کرنا اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت ہے,اوٹکور میں قومی یوم کھیل کے موقع پر سماجی کارکن عبدالمنیر نے کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

Serving the people is a great blessing from Allah Almighty. On the occasion of National Sports Day inUtkoor, social activist Mr. Abdul Munir highlighted the importance of sports

(اپنا ورنگل)

اُوٹکور :

عوام کی خدمت کرنا اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک عظیم موقع سمجھتا ہوں۔ نام اور شہرت میرے لیے اہم نہیں، بلکہ ہمیشہ عوام کی خدمت کرنا ہی میرا فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار حج سوسائٹی ضلع کمیٹی کے رکن و سماجی کارکن جناب عبد المنیر نے کیا۔قومی یومِ کھیل کے موقع پر ہفتہ کے روز سماجی کارکن عبد المنیر نے اپنے ذاتی خرچ سے اُٹکور کے ضلع پریشد ہائی اسکول کو ریسلنگ میاٹ اور اسپورٹس کٹس فراہم کی۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قومی یومِ کھیل کی اہمیت کو بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ ہاکی کے عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند کی یومِ پیدائش کے موقع پر ہر سال 29 اگست کو قومی یومِ کھیل منایا جاتا ہے۔

کھیل نہ صرف جسمانی صحت اور مضبوطی کے لیے ضروری ہیں بلکہ ذہنی نشوونما اور نظم و ضبط پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ تعلیم کے ساتھ اپنی پسند کے کھیلوں میں بھی سرگرمی سے حصہ لیں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ مقام حاصل کریں۔موصوف مزید نے کہا کہ طلباء وطالبات محنت اور دلچسپی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اور اپنے والدین اور اپنے گاؤں کا نام روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بے شمار باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، لیکن مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی نہ ملنے کی وجہ سے ان کی صلاحیتیں سامنے نہیں آ پاتیں۔انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ موبائل فون سے چپکے رہنے کے بجائے میدانوں میں اپنی پسند کے کھیل کھیلیں اور صحت مند زندگی اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں چھپی ہوئی کھیلوں کی صلاحیتوں کو بھی تلاش کرے اور ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو خصوصی تربیت، حوصلہ افزائی، اسکالرشپ اور مالی امداد فراہم کرے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ غریب طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور مالی مشکلات کا شکار کھلاڑیوں کی مدد کے لیے وہ ہمیشہ اپنی استطاعت کے مطابق تعاون کرتے رہیں گے۔ طلبہ کی تعلیم میں مدد کرنا، کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور سماجی خدمت انجام دینا وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں۔عبد المنیر نے کہا کہ ’’عوام کی خدمت کرنا اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت ہے۔ میرے لیے نام اور شہرت اہم نہیں، بلکہ مسلسل عوام کی خدمت کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہی میرا مقصد ہے۔‘‘

بعد ازاں اسکول کے اساتذہ کی جانب سے سماجی کارکن عبد المنیر کو شال پوشی کرتے ہوئے شاندار انداز میں تہنیت پیش کی گئی۔اس پروگرام میں سرپنچ رینو کا بھارت، نائب سرپنچ رمیش،ڈی وائی ایس او، وینکٹش، پی ٹی سائنات ، سینئر کھلاڑی جگدیش گوڑ، اسکول کے پی ای ٹی، اساتذہ اور طلبہ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

News Source : Mohd. Ashfaq