Construction of the boundary wall of the Makthal Eidgah begins, Minister Vakati Sri Hari lays the foundation stone

(اپنا ورنگل)
مکتھل :
مکتھل مستقر کی تاریخی عیدگاہ کی کمپاؤنڈ وال (چار دیواری) کی تعمیر کے لیے آج ایک پروقار تقریب میں سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر اور مکتھل کے رکن اسمبلی جناب واکٹی سری ہری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے تعمیراتی کام کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ تقریباً 36 لاکھ 50 ہزار روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جس سے عیدگاہ کے احاطے کی حفاظت اور سہولیات میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
تقریب کا آغاز حضرت مولانا الحاج غلام محمد صاحب رشیدی دامت برکاتہم کی دعا سے ہوا۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔ جامع مسجد مکتھل کی انتظامیہ اور مقامی عوام نے وزیر واکٹی سری ہری کا استقبال کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر جامع مسجد مکتھل کے خطیب مولانا عبدالقوی صاحب نے وزیر سے درخواست کی کہ اگر تعمیراتی کام کے دوران مزید مالی وسائل کی ضرورت پیش آئے تو اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں۔
وزیر واکٹی سری ہری نے اس مطالبے پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عیدگاہ کی تعمیر و ترقی کے کام میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر مزید بجٹ بھی منظور کیا جائے گا۔اپنے خطاب میں وزیر موصوف نے کہا کہ عبادت گاہیں معاشرے کی دینی، روحانی اور سماجی زندگی کا اہم مرکز ہوتی ہیں، اس لیے ان کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکتھل عیدگاہ کو بہتر اور مثالی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔اس تقریب میں مولانا عبدالعلیم کوثر قاسمی صاحب، مولانا اسحاق صاحب رشیدی، مولانا شفیع الرحمن صاحب، کونسلر منظور الٰہی، کوآپشن ممبر شمس الدین، محمد شاہ عالم، محمد فیاض، قاضی شہاب الدین، الحاج اسحاق صاحب رائیچوری، جامع مسجد مکتھل کے صدر چاند پاشاہ، سابق کونسلر انور حسین، عبدالقدیر صاحب، محمد جمشیر سمیت کانگریس قائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے عیدگاہ کی ترقی کے اس منصوبے کو مکتھل کے مسلمانوں کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے حکومت اور وزیر واکٹی سری ہری کا شکریہ ادا کیا۔
News Surce : Mohd. Mujeeb

