مکتھل کے وارڈ نمبر 16 میں مسلم برادری کو ایس آئی آر (SIR) عمل سے متعلق آگاہی، ووٹ کے تحفظ پر زور۔

Awareness campaign on SIR process among Muslim community in Ward No. 16 of Makthal, emphasis on vote security

(اپنا ورنگل)

مکتھل :

مکتھل میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 16 میں واقع شریفہ مسجد کے احاطے میں ریاستی وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری کی ہدایت پر مسلم ووٹروں کے لیے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) عمل سے متعلق ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی وارڈ کونسلر الکوری پاونی نے مسلم برادری کو ووٹر فہرست کی نظرثانی کے عمل، مطلوبہ دستاویزات اور فارم کی درست تکمیل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ووٹر نظرثانی (SIR) مہم کے حوالے سے عوام میں مختلف شکوک و شبہات پائے جا رہے ہیں، جبکہ یہ خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ بڑی تعداد میں مسلم ووٹروں کے نام ووٹر فہرست سے حذف کیے جا سکتے ہیں۔

اس لیے ہر اہل ووٹر کو چاہیے کہ وہ مکمل بیداری کا مظاہرہ کرے اور اپنا ووٹ کسی بھی صورت ضائع نہ ہونے دے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ بی ایل او سے مسلسل رابطے میں رہیں، فارم احتیاط کے ساتھ پُر کریں اور تمام مطلوبہ دستاویزات بروقت جمع کرائیں تاکہ ووٹر فہرست میں ان کا نام برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے، جس کے تحفظ کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔الکوری پاونی نے مزید کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی عوام کی فعال شرکت سے ممکن ہے،

اس لیے ہر اہل ووٹر کا نام فہرست میں برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ اور پڑوسیوں کو ایس آئی آر عمل کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ کوئی بھی شخص اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ ہو۔

اس موقع پر وارڈ کونسلر رحیم پٹیل، کانگریس ٹاؤن صدر اے روی کمار، کوآپشن رکن ولم پلی لکشمن، حسام الدین، ظہیر، سلیم، انور، ضمیر الدین، سید، محمد آصف، نذیر احمد سمیت دیگر کانگریس قائدین اور مسلم برادری کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ہر اہل ووٹر تک اس مہم کا پیغام پہنچائیں گے اور کسی بھی شہری کا ووٹ ضائع ہونے نہیں دیں گے۔

News Source : Mohd . Mujeeb