ورنگل پولیس کی بڑی کامیابی، مندر چوری کیس کا 24 گھنٹوں میں انکشاف۔

Big success of Warangal Police, temple theft case revealed within 24 hours

(اپنا ورنگل)

ورنگل :
ورنگل پولیس کمشنریٹ حدود میں واقع آتماکور پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکاروں نے مندر میں چوری کے کیس کو 24 گھنٹوں کے اندر حل کرتے ہوئے دو بین ریاستی مجرموں کو گرفتار کر لیا۔ پرکال اے سی پی ستیش بابو نے گرفتاری کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ آندھراپردیش کے بھیماورم سے تعلق رکھنے والے کلّکوری کرن بابو اور آندھراپردیش کے اننت پور ضلع سے تعلق رکھنے والے سندیپ کمار نے 18 تاریخ کی نصف شب آتماکور پولیس اسٹیشن حدود کے گوڈیپاڈو گاؤں کی مندر سے مندر کا چاندی کا سامان چوری کیا تھا۔

مندر کے منتظمین کی شکایت پر آتماکور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دستیاب ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے ملزمان کی شناخت کی۔ آج صبح آتماکور منڈل مرکز میں کی گئی گاڑیوں کی جانچ کے دوران چوری میں ملوث دونوں بین ریاستی چور پولیس کے ہاتھ لگ گئے۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کا مندر کا 1080 گرام چاندی کا سامان اور ایک کار برآمد کر لی۔

پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزم کرن بابو آندھراپردیش اور تلنگانہ میں مجموعی طور پر 50 سے زائد چوریوں میں ملوث ہے۔ اس موقع پر اے سی پی ستیش بابو نے 24 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کر کے چوری کا سامان برآمد کرنے میں مہارت دکھانے پر آتماکور انسپکٹر سنتوش اور ان کے عملے کی ستائش کی۔

News  Source : Mohd. Fazal ur Rahman