Eid Milap Programme held in Masjid-e-Taqwa, Warangal. , dispels misconceptions about Islam, inspired by Masjid Visits

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
شہری و ضلعی جمعیت اہل حدیث ورنگل کی سرپرستی میں مسجد تقویٰ شریفہ شانتی نگر ایل بی نگر ورنگل کے زیر اہتمام نیز دا میسنجر پاتھ کے تعاون سے مسجد تقویٰ شریفہ میں عید ملاپ پروگرام رکھا گیا۔ اس موقع پر غیر مسلم حضرات کو مسجد کا معائنہ کرایا گیا۔ اس پروگرام میں غیر مسلم مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔مسجد انتظامیہ کی جانب سے تلگو داں دعاۃ کے ذریعہ کثیر تعداد میں شریک غیر مسلم مرد و خواتین کو مسجد کا معائنہ کرایا گیا۔ انہیں توحید ،رسالت ،عبادت ،نماز ،اذان ،وضو اور دیگر اراکین سے متعلق واقف کروایا گیا ۔
منتظمین کی جانب سے تمام شرکاء کے لئے ٹھنڈی چھانچ، اور ظہرانے میں بریانی و شاہی ٹکڑے کا اہتمام کیا گیا ۔تمام شرکاء نے مسجد کا معائنہ کر کے اور دین کی باتوں کو سن کر کافی متاثر ہوئے ۔اس موقع پر چند شرکاء نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسجد میں آ کر کافی سکون حاصل ہوا۔ اسلام کے تعلق سے جو غلط فہمیاں تھیں وہ دور ہوگئیں۔کیونکہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ مسجد میں آخر ہوتا کیا ہے ۔لیکن راست مسجد کا معائنہ کرنے کے بعد ہمیں معلوم ہوا کہ یہاں صرف اللہ تعالی کی عبادت کی جاتی ہے۔
اور بعض غیر مسلم بھائیوں نے یہ پیغام بھی دیا کہ اس طرح کے پروگرام ہر محلہ کی مساجد میں کرنے سے ہمارے درمیان دوریاں کم ہوں گی، اور ایک دوسرے کے ساتھ رہنے میں آسانی ہوگی اور ملک کی فضا امن و شانتی والی ہوگی۔.
News Source : Aleem Danish

