ہنمکنڈہ میں راتوں رات ہزاروں مرغیاں سڑک پر،عوام میں تجسس.

,Thousands of Hens on the road overnight in Hanamkonda

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ہنمکنڈہ میں ایک حیرت انگیز واقعہ نے لوگوں کو چونکا دیا۔ ایلکاتورتی گاؤں میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات نامعلوم افراد نے تقریباً دو ہزار دیسی مرغیاں سڑک کنارے اور کھیتوں میں چھوڑ دیں۔ صبح جب مقامی افراد گھروں سے باہر نکلے تو ہر سمت مرغیوں کے شور سے ماحول گونج اٹھا۔

دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر گاؤں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔ جس کے ہاتھ جو مرغی لگی، وہ اسے پکڑ کر خوشی خوشی گھر لے گیا۔ کچھ لوگوں نے اسے قسمت کی دی ہوئی نعمت قرار دیا، جب کہ دیگر نے شبہ ظاہر کیا کہ اس کے پیچھے کوئی راز یا خطرہ چھپا ہو سکتا ہے۔

پنچایت سکریٹری سرینواس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے چند مرغیاں ویٹرنری ڈاکٹر دیپیکا کے حوالے کیں۔ ڈاکٹر نے فوری ابتدائی معائنہ کیا اور نمونے ورنگل لیب روانہ کر دیے۔ ان کا کہنا ہے کہ رپورٹ آنے تک عوام احتیاط برتیں اور ان مرغیوں کو کھانے سے گریز کریں، کیونکہ ان کے ساتھ کسی بیماری یا خطرے کا امکان خارج نہیں کیا جا سکتا۔

گاؤں میں فی الحال تجسس اور چہ مگوئیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بعض لوگ اس واقعے کو کسی ٹرک حادثے کا نتیجہ سمجھ رہے ہیں، تو کچھ اسے کسی بڑی سازش یا پوشیدہ وجہ کی طرف اشارہ قرار دے رہے ہیں۔

News Source : M.A. Kaleem