The Urs Sharif of Hazrat Syed Mohammad Abdul Qadir Qadri Shaheed will be held with devotion and respect from July 31

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد:
قطب الاقطاب حضرت سید محمد عبدالقادر قادری شہیدؒ کے 431 ویں سہ روزہ سالانہ عرس شریف کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس سلسلہ میں بارگاہ شریف کے سجادہ نشین و متولی جناب مولانا سید پاشاہ قادری چشتی آج دفتر قادریہ سنتوش نگر میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ عرس شریف کی تقاریب حسبِ دستور قدیم 16 صفر المظفر تا 18 صفر المظفر 1448 ھ ، مطابق 31 جولائی تا 2 اگست 2026 عیسوی نزد ریمبو ہاسپٹل ، ایل بی نگر، چنتل کنٹہ ، منصورآباد ، حیدرآباد رنگا ریڈی ضلع نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوں گی ۔
انہوں نے کہا کہ عرس شریف کی افتتاحی تقریب 31 / جولائی بروز جمعہ بعد نمازِ مغرب مسجد قادریہؒ سے عظیم الشان جلوسِ صندل مالی کے ساتھ شروع ہونگی۔ سجادہ نشین مولانا سید پاشاہ قادری چشتی اپنے سر پر کشتیوں کو اُٹھاتے ہوئے جلوس کی قیادت کریں گے ، جبکہ جید علماء کرام ، مشائخ عظام اور بلالحاظ مذہب و ملت سینکڑوں عقیدت مندوں کی موجودگی میں مزار اقدس پر خدمت صندل مالی ، گلہائے عقیدت پیش کرنے اور صلوٰۃ و سلام کی روح پرور محفل منعقد ہوگی ۔
قبل ازیں رفاعی فُقراء اپنے روایتی ضربات کا مظاہرہ کریں گے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید پاشاہ قادری چشتی نے کہا کہ عرس شریف کا مقصد اولیائے کرام کی تعلیمات ، محبتِ رسول اکرم ﷺ، اتحادِ امت اور اخوتِ اسلامی کے پیغام کو عام کرنا ہے ۔ انہوں نے عوام الناس ، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ عرس شریف کی روحانی و اصلاحی مجالس سے بھرپور اِفادہ و استفادہ کریں ۔
انہوں نے بتایا کہ افتتاحی شب منعقد ہونے والے جلسۂ عظمتِ اولیاء اللہ سے امیرِ امارتِ امتِ اسلامیہ حضرت مولانا قاضی الحاج محمد عبدالرزاق نقشبندی مجددی قادری چشتی سہروردی اور اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی ، مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر قرآنِ حکیم اور احادیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں خصوصی خطابات کریں گے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس روحانی اجتماع میں اولادِ امجاد حضرت خواجہ بندہ نوازؒ رہبرِ شریعت ، پیرِ طریقت حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی المعروف رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی جامع السلاسل ، مولانا سید شاہ محمد عبدالوہاب قادری چشتی رفاعی مداری ، حضرت مولانا سید سعادت اللہ حسینی بخاری چشتی قادری دست ور ، حضرت مولانا میر مصطفٰی علی عرفانی چشتی قادری ، حضرت مولانا صوفی سید ظہیر الدین چشتی قادری سمیت ملک کے مختلف مقامات سے تشریف لانے والے جید علماء کرام و مشائخ عظام مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریںنگے ۔
سجادہ نشین نے بتایا کہ جلسہ کے اختتام پر رات دیر گئے روح پرور محفلِ سماع منعقد ہوگی ، جس میں ملک کے معروف قوال حضرات حمدِ باری تعالیٰ ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور منقبتِ اولیاء پیش کریں گے ۔ یکم اگست بعد نمازِ مغرب جشنِ چراغاں جبکہ بعد نمازِ عشاء محفلِ سماع کا اہتمام ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ 2 / اگست بروز اتوار 10 بجے دن ( بداوا ) ختم القرآن حکیم ، محفلِ قُل شریف ، دُعاء اور تقسیمِ تبرکات کے ساتھ سہ روزہ عرس شریف کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی ۔
مولانا سید پاشاہ قادری چشتی نے کہا کہ عرس شریف کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ زائرین کی سہولت ، نظم و ضبط اور دیگر امور کی خصوصی نگرانی ان کی زیرِ سرپرستی انجام دی جائے گی ، جبکہ جناب سید وسیم پاشاہ قادری چشتی اور جناب سید سلیم پاشاہ قادری چشتی انتظامی امور کی نگرانی کریں گے ۔
آخر میں انہوں نے تمام عاشقانِ اولیاء اللہ ، علماء کرام ، مشائخ عظام اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کثیر تعداد میں عرس شریف میں شرکت کرکے بزرگانِ دین کی فیوض و برکات سے مستفید ہوں اور ملک و ملت کی سلامتی ، امن و استحکام اور عالمِ اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں میں شریک ہوں ۔ بعد صندل مالی ،جشن چراغاں کے موقعہ پر تناول تبرک کا خاص وعام اہتمام رہے گا نیز خواتین کے لئے پردہ کا معقول انتظام بھی کیا جارہا ہے-
News Source : Agency

