The presence of eminent scholars and venerable spiritual masters at the shrines of the saints

(اپنا ورنگل)
عثمان آباد ، ( مہاراشٹرا ):
قطب الاقطاب ، محبوبِ الٰہی سلطان المشائخ حضرت خواجہ سید نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفۂ خاص عثمان آباد مہاراشٹرا میں آرام فرما قطب الاولیاء حضرت سید شمس الدین غازی سرکار المعروف بہ شیرن شاہ ولی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل کے سالانہ عرس شریف کے موقع پر 21 / نومبر بروز ہفتہ ایک روزہ روحانی و علمی دورے کے دوران علمائے کرام ، مشائخِ عظام اور عقیدت مندانِ اولیاء اللہ نے حاضری پیش کرتے ہوئے خراجِ عقیدت و محبت پیش کیا اور روحانی فیوض و برکات سے استفادہ کیا ۔
اس موقع پر شہزادۂ جگر گوشۂ پیرانِ پیر حضرت سید شاہ حیدر ولی اللہ جیلانی قادری رحمۃ اللہ علیہ نیلنگہ شریف مہاراشٹرا کے آستانۂ عالیہ پر بھی حاضری پیش کی گئی ۔ اس روحانی و علمی دورے میں اولادِ امجاد حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز رحمۃ اللہ علیہ حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی المعروف رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ، اولادِ امجاد سید الطائفہ حضرت سیدنا شیخ جنید بغدادی حسینی رحمۃ اللہ علیہ حضرت مولانا الحاج سید شیخ محمد رفیق جنیدی نقشبندی مجددی قادری چشتی سہروردی جامع السلاسل سجادہ نشین و متولی حضرت سیدی شیخ شاہ محمد عبدالوہاب چشتی قادریؒ کوتنے پلی راجہ پور تعلقہ جڑچرلہ ضلع محبوب نگر کے علاوہ اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع اور جناب محمد عبدالصمد خان موظف محکمۂ پولیس نے شرکت کی۔
اس موقع پر اولیائے کرام کے مزاراتِ مقدسہ پر گل افشانی و فاتحہ خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ عالمِ اسلام ، ملتِ اسلامیہ اور بالخصوص امتِ مسلمہ کی سربلندی ، ترقی ، خوش حالی ، اتحاد و اتفاق ، استحکام اور امن و سلامتی کے لئے بارگاہِ الٰہی میں بہ وساطت اولیاء اللہ خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ اسی طرح تمام مسلمانوں کو جمیع امراض ، آفات و بلیات ، مصائب و آلام و مشکلات اور ہر قسم کی ظاہری و باطنی پریشانیوں سے محفوظ رکھنے کی دعائیں بھی کی گئیں ۔اولیائے کرام کی بارگاہوں میں حاضری کا اصل مقصد محض رسم و روایت کی ادائیگی نہیں ، بلکہ ان برگزیدہ ہستیوں کی پاکیزہ تعلیمات ، سیرت و کردار ، اخلاص ، محبت ، خدمتِ خلق ، رواداری ، اتحادِ امت اور اتباعِ شریعت پر مبنی زندگی کو اختیار کرنا ہے ۔
بزرگانِ دین نے اپنی پوری زندگی رضائے الٰہی ، عشقِ رسول ﷺ ، اصلاحِ معاشرہ ، تزکیۂ نفس اور انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردی۔ لہٰذا ان کے فیوض و تعلیمات کو عام کرنا اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔علمائے کرام و مشائخِ عظام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خانقاہی نظام کی حقیقی روح ، تصوفِ اسلامی کی پاکیزہ روایات ، سلاسلِ طریقت کی علمی و روحانی امانت اور مشائخِ عظام کے اصلاحی و دعوتی مشن کو نئی نسل تک پہنچانے کے لئے اجتماعی طور پر جدو جہد جاری رکھی جائے گی ، تاکہ معاشرے میں محبت ، اخوت ، بھائی چارہ ، امن و آشتی اور دینی شعور کو فروغ حاصل ہو ۔
اس روحانی دورے کے دوران بالخصوص سجادہ نشین آستانہء عالیہ شمسیہ غازیہ حضرت مولانا ابوالمشائخ صوفیِء باصفا حضرت مولانا الحاج خواجہ سید شاہ مرتضیٰ علی حسینی صوفی المعروف بہ افسر پاشاہ صاحب قبلہ چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل مدظلہ جو ان دنوں کینیڈا میں مقیم ہیں کی صحت و عافیت اور درازیٔ عمر کے لئے نہایت رقت انگیز دعائیں کی گئیں ۔
بارگاہِ رب العزت میں دستِ دعا بلند کرتے ہوئے ان کی مکمل صحت یابی ، عمرِ خضر ، سلامتی و تندرستی ، عافیت اور مزید دینی و روحانی خدمات کی توفیق کے لئے خصوصی التجا کی گئی ۔آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اکابر اولیائے کرام اور مشائخِ عظام کی روحانی ، علمی اور اصلاحی امانت کو پوری دیانت داری کے ساتھ آگے بڑھاتے ہوئے ملتِ اسلامیہ کی دینی و ملی رہنمائی ، اتحاد و استحکام اور خدمتِ انسانیت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی ۔

