The 606th annual Urs Sharif of Hazrat Dada Peer Multani (RA) will be held in Bidar Sharif on November 18 and 19
حضرت رفیق جنیدی،حضرت رحمت بابا اور اسدالعلماء ودیگر کی ہوگی شرکت

(اپنا ورنگل)
بیدر- ( کرناٹک ):
حضرت قطب السالکین مرشد البرایا والیِ ملک ولایت ہادیِ طریقت گنجینۂ اسرارِ الٰہی عمدۃ الاکرام مقبولِ الہ شیخ المشائخ حضرت سید شاہ فتح اللہ شریف القادری ملتانی المعروف حضرت دادا پیر رحمۃ اللہ علیہ جدامجد حضرت سید شاہ محمد شمس الدین شریف القادری المعروف ملتانی بادشاہ قدس اللہ سرہ العزیز کا 606 واں سالانہ عرس شریف 8 اور 9 جمادی الآخر 1448ھ مطابق 18 اور 19 نومبر بروز چہارشنبہ و جمعرات حسب عمل درآمد قدیم اور نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوگا ۔یہ روح پرور سالانہ عرس شریف شیو نگر ، پاپناس روڈ ، محمدؐ آباد ، بیدر شریف ( ریاست کرناٹک ) میں واقع درگاہ شریف میں منعقد کیا جائے گا۔
اس موقع پر حضرت دادا پیر ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کے عقیدت مندوں ، مریدین اور وابستگانِ سلسلہ کے لئے مختلف روحانی ، دینی اور اصلاحی پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں ۔حضرت سید شاہ فتح اللہ شریف القادری ملتانی المعروف حضرت دادا پیر رحمۃ اللہ علیہ کے جدِ امجد حضرت سید شاہ محمد شمس الدین شریف القادری المعروف ملتانی بادشاہ رحمۃ اللہ علیہ کی یاد اور نسبت سے بھی اس روحانی محافل کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ۔
خادم الطریق المشائخ ابوالفتح سید شاہ سجاد محی الدین قادری الملتانی چشتی ابن شیخ المشائخ ابوالفتح سید شاہ محی الدین قادری الملتانی چشتی المعروف صفدر قادریؒ صدر سجادہ نشین و متولی سلسلہء قادریہ عالیہ ملتانیہ بیدر شریف مراسم عرس شریف انجام دینگے نے صحافت کو پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ عرس شریف کے پہلے روز 18 نومبر بروز چہارشنبہ بعد نمازِ مغرب صندل مالی کی مبارک تقریب ، مراسمِ عرس اور تبرکات کی تقسیم عمل میں آئے گی ۔
بعد نمازِ عشاء شرکائے عرس شریف کے لئے طعام کا انتظام رہے گا ، جس کے بعد محفلِ سماع منعقد ہوگی ، جس میں اہلِ عقیدت و محبت روحانی کلام سے فیض یاب ہوں گے ۔عرس شریف کے دوسرے روز 19 نومبر بروز جمعرات بعد نمازِ فجر ختمِ کلام پاک ، فاتحہ خوانی ، پیشکشِ چادرِ گل اور درود و سلام کی مبارک تقریبات منعقد ہوں گی ۔ اولاد بندہ نوازؒ حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی المعروف رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ، اولاد سید الطآئفہ حضرت جنید بغدادیؓ حضرت مولانا الحاج سید شاہ شیخ رفیق جنیدی بغدادی نقشبندی مجددی قادری چشتی سہروردی جامع السلاسل سجادہ نشین حضرت سیدی شیخ محمد عبدالوہاب چشتی قادری احمدنماںؒ کوتنے پلی ضلع محبوب نگر اور اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع کی خصوصی شرکت ہوگی –
عرس شریف کے منتظمین کی جانب سے تمام عالمِ اسلام ، بالخصوص علماء کرام ، مشائخ عظام ، سجادگانِ خانقاہ ، حفاظ، خلفاء ، مریدین اور تمام وابستگانِ سلسلہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مبارک روحانی مجالس میں شرکت کرتے ہوئے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کریں اور اولیائے کرام کے فیوض و برکات اور تعلیمات سے مستفید ہوں ۔
اس سالانہ عرس شریف کے انتظامات جناب محمد یونس قریشی چشتی اور ان کی عرس کمیٹی کی نگرانی میں انجام دیئے جا رہے ہیں ۔ منتظمین نے تمام اہلِ محبت و عقیدت سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہلِ خانہ اور متعلقین کے ساتھ شرکت فرما کر تقریبات کو کامیاب بنائیں اور روحانی فیوض و برکات حاصل کریں ۔اللہ تعالیٰ حضرت دادا پیر ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کے درجات کو مزید بلند فرمائے، ان کے فیوض و برکات کو تا قیامت جاری و ساری رکھے اور اس مبارک عرس شریف میں شریک تمام عقیدت مندوں کی حاضری اور دعاوؤں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔

