Successful organization of a special training program for Umrah pilgrims in Warangal
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
ردا ٹورس اینڈ ٹراویلس، منڈی بازار، ورنگل کے زیرِ اہتمام عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہونے والے عازمینِ عمرہ کے لیے ایک خصوصی تربیتی پروگرام مسلم کمیونٹی سنٹر، ملگ روڈ، ورنگل میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے صدر جناب محمد سراج احمد نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر مولانا صدیق معصوم نقشبندی امام و خطیب مسجد محمدیہ رنگم پیٹ اور حافظ و قاری عقیل احمد نوری، امام و خطیب مسجد مومنین مومن پورہ ایل بی نگر ورنگل نے شرکت کی۔

پروگرام کی نظامت حافظ محمد مجتبیٰ شاہد نے انجام دی۔ حافظ و قاری عقیل احمد نوری نے اپنے خطاب میں عمرہ کی فضیلت اور اس کی روحانی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عمرہ اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور بندے کے لیے مغفرت و قربِ الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے عازمین کو تلقین کی کہ وہ سفرِ عمرہ کے دوران اخلاص، صبر، عبادت، ذکر و دعا اور استغفار کو اپنا معمول بنائیں تاکہ اس مبارک سفر سے بھرپور روحانی فیض حاصل ہو۔
مولانا صدیق معصوم نقشبندی نے عمرہ کی ادائیگی کے مکمل طریقۂ کار، ارکانِ عمرہ، ضروری دعاؤں اور سفر کے آداب پر تفصیلی رہنمائی فراہم کرتے ہوئے عازمین کو عملی تربیت دی، تاکہ وہ مناسکِ عمرہ کو صحیح طریقے سے ادا کر سکیں۔ اس موقع پر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے کنوینر جناب مرزا فتح اللہ بیگ ریاض بھی بطور مہمان شریک ہوئے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمرہ کی سعادت اللہ تعالیٰ کا خصوصی انعام ہے اور ہر شخص کو یہ عظیم موقع نصیب نہیں ہوتا۔

انہوں نے عازمینِ عمرہ سے اپیل کی کہ وہ حرمین شریفین میں پوری امتِ مسلمہ، ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی اور بالخصوص فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ پروگرام کے اختتام پر اجتماعی دعا کی گئی، جس میں تمام عازمینِ عمرہ کے محفوظ، کامیاب اور بابرکت سفر کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پروگرام میں معززینِ شہر، دینی شخصیات اور عازمینِ عمرہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
News Source : M.F. Baig Riaz

