عظمتِ اہلِ بیتِ اطہارؓ اور محبتِ صحابۂ کرامؓ ایمان کا لازمی تقاضا ہے؛ دینِ محمدی ﷺ میں عفو و درگزر ، صبر اور نماز کی پابندی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے

حضرت مولانا ڈاکٹر حافظ سید شاہ عبدالمہمین سجاد پاشاہ قادری لااُبالی ، سجادہ نشین حضرت پتھر والے شاہ صاحبؒ کا خطاب؛ عظمتِ اہلِ بیتِ اطہار و شہزادیٔ کونین کانفرنس اور کل ہند طرحی منقبتی مشاعرہ میں علمائے کرام و مشائخِ عظام کے ایمان افروز خطابات

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

عظمتِ اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین ، محبتِ شہزادیٔ کونین حضرتہ سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا ، مقام و مرتبۂ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور تعلیماتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں عقائدِ اہلِ سنت و جماعت کے تحفظ کے موضوع پر منعقدہ عظمتِ اہلِ بیتِ اطہار و شہزادیٔ کونین کانفرنس اور کل ہند طرحی منقبتی مشاعرہ میں ممتاز علمائے کرام ، مشائخِ عظام اور اہلِ علم نے اپنے مدلل و مفصل خطابات کے ذریعے اہلِ بیتِ اطہار اور صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عظمت و محبت کو ایمان کا اہم تقاضا قرار دیا ۔ مقررین نے عفو و درگذر ، صبر و شکر ، نماز کی پابندی ، اتباعِ شریعت اور عقائدِ حقہ پر استقامت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں دینی تعلیمات کو مستند علمی دلائل اور صحیح فہم کے ساتھ عام کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے ۔

عفو و درگزر، صبر اور نماز کی پابندی دینِ محمدی ﷺ کی بنیادی تعلیمات ہیں حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر حافظ سید شاہ عبدالمہمین سجاد پاشاہ قادری لااُبالی سجادہ نشین حضرت پتھر والے شاہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دینِ محمدی ﷺ انسان کو صبر ، برداشت ، معافی اور حسنِ اخلاق کا درس عظیم دیتا ہے۔ معاف کرنا بڑی دولت اور اعلیٰ ظرفی کی علامت ہے ، جبکہ مشکلات اور آزمائشوں میں صبر اختیار کرنا بندۂ مومن کی نمایاں صفت اور فطرت اسلامی ہے ۔انہوں نے نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ شریعتِ مطہرہ نے انسان کی استطاعت اور مجبوری کا لحاظ رکھا ہے ۔

اگر کوئی شخص کھڑے ہوکر نماز ادا کرنے کی طاقت نہ رکھتا ہو تو بیٹھ کر نماز ادا کرسکتا ہے ،اگر بیٹھ کر نہ پڑسکتا ہو تو لیٹ کر اگر یہ بھی سکت نہ رکھتا ہوتو آنکھوں کے اشارے سے نماز کی ادائیگی کرسکتا ہے ۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام عبادت کی پابندی کے ساتھ انسانی مجبوریوں کا بھی خاصہ لحاظ رکھتا ہے ۔انہوں نے واقعۂ طائف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ کو طائف میں شدید اذیتیں پہنچائی گئیں اور آپ ﷺ پر پتھر برسائے گئے ، لیکن آپ ﷺ نے انتقام کے بجائے رحمت ، عفو اور ہدایت کا راستہ اختیار فرمایا ۔ سیرتِ طیبہ کا یہ روشن واقعہ امتِ مسلمہ کو صبر کی تلقین ، برداشت اور مخالفین کے ساتھ بھی حسنِ سلوک کا عظیم درس دیتا ہے ۔

عظمتِ رسول ﷺ اور محبتِ اہلِ بیت و صحابۂ کرام ایمان کا سرمایہ

انہوں نے کہا کہ حضور نبیء اکرم ﷺ سے محبت ، آپ کے اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین سے عقیدت اور صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا احترام اہلِ سنت و جماعت کے بنیادی دینی و روحانی سرمایے میں شامل ہیں ۔ مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ ان مقدس ہستیوں کے مقام و مرتبے کو سمجھیں ، ان کے فضائل کا مطالعہ کریں اور ان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ادب و احترام کو ملحوظ رکھیں ۔انہوں نے حضور اکرم ﷺ کی صاحبزادی خاتون جنت حضرتہ سیدہ فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کے مقام و مرتبے کا ذکر کرتے ہوئے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیا کہ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے۔‘‘

اس ارشادِ نبوی سے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی عظمت اور رسول اللہ ﷺ کے ساتھ آپ کے خصوصی تعلق کا اظہار ہوتا ہے ۔مولانا سجاد پاشاہ قادری نے مزید بتایا کہ رسول اللہ ﷺ کے تین صاحبزادے اور چار صاحبزادیاں تھیں ۔ آپ ﷺ کے صاحبزادے کم عمری ہی میں وصال فرماگئے ، جبکہ آپ ﷺ کی صاحبزادی حضرت فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کو خصوصی مقام و فضیلت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ بیتِ اطہار کی محبت کو دلوں میں راسخ کرنا اور ان کے فضائل کو نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
عقائدِ اہلِ سنت و جماعت کے تحفظ کے لئے علمی و تحقیقی شعور ضروری
حضرت مولانا ڈاکٹر حافظ سید شاہ عبدالمہمین سجاد پاشاہ قادری لااُبالی نے اپنے خطاب میں موجودہ دور کے بعض فکری و اعتقادی اختلافات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے عقائد کی بنیاد قرآنِ حکیم ، احادیثِ نبویہ ﷺ ، مستند دینی مصادر اور ائمۂ دین کی تشریحات پر رکھنی چاہیئے ۔ دینی مسائل میں تحقیق ، معتبر علماء سے رجوع اور نصوصِ شرعیہ کو ان کے صحیح پس منظر میں سمجھنا نہایت ہی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگ مستند علمی تحقیق کے بجائے غیر ضروری مناظرانہ بحثوں میں الجھ جاتے ہیں اور دلیل دلیل پوچھ کر ذلیل ہوجاتے ہیں ، حالانکہ دینی مسائل کو سمجھنے کے لئے علمی دیانت ، صحیح فہم و ادراک اور راسخ العقیدہ اہلِ علم کی رہنمائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے ۔

قرآنِ حکیم کی آیات کی تشریح ذاتی خواہشات کے مطابق کرنے کے بجائے مستند تفاسیر اور اصولِ تفسیر کی روشنی میں کی جانی چاہیئے ، کیونکہ قرآنِ مجید اللہ تعالیٰ کا کلام اور ہدایت کا سرچشمہ ہے ۔انہوں نے امام فخرالدین رازی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت پیر نجم الدین کبریٰ رحمۃ اللہ علیہ سے متعلق علمی روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دینی و اعتقادی مباحث میں علمی استدلال کی اپنی اہمیت ہے ، لیکن ہر معاملے میں غیر ضروری بحث کو مقصد بنالینا مناسب نہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امت کے اندر باہمی احترام ، دینی بصیرت اور علمی سنجیدگی کو فروغ دیا جائے ۔

حضور اکرم ﷺ کی آمد پر تعظیم و محبت کا اظہار

انہوں نے یہ بھی کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ اقدس تمام اہلِ ایمان کے لئے محبت ، عقیدت اور اتباع کا مرکز ہے ۔ آپ ﷺ کی تعظیم کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ آپ کی سنتوں پر عمل کیا جائے ، آپ کے اخلاقِ کریمانہ کو اپنایا جائے اور آپ کے اہلِ بیت و صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا ادب و احترام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اہلِ بیتِ اطہار اور صحابۂ کرام کی محبت مسلمانوں کو رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات سے وابستہ کرتی ہے ۔ اس لئے امت کو چاہیئے کہ وہ ان مقدس ہستیوں کے فضائل بیان کرے ، ان کی سیرت کا مطالعہ کرے اور اختلافی امور میں شائستگی اور علمی اصولوں کو اختیار کرے ۔

حضرت مولانا الحاج سید محمود بادشاہ زرین کلاہ، جانشین حضرت سلطان الواعظین رحمۃ اللہ علیہ؛ شأنِ صحافت مولانا ڈاکٹر الحاج خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ چشتی قادری ، سجادہ نشین حضرت گنج انوار رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا الحاج سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ جانشین مقبول ملتؒ نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے اپنے خطابات میں اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عظمت و رفعت ، ان کے روحانی مقام اور امتِ مسلمہ کے دلوں میں ان کی محبت کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے قرآنِ حکیم کی آیتِ تطہیر اور احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں اہلِ بیتِ اطہار کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے اہلِ بیت سے محبت و عقیدت مسلمانوں کے دینی و روحانی تعلق کا اہم حصہ ہے ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہلِ بیتِ اطہار اور صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مقام و مرتبے کو سمجھنے کے لئے مستند دینی تعلیمات سے استفادہ کیا جائے اور نئی نسل کو اسلامی تاریخ ، سیرتِ نبوی ﷺ اور اکابرِ امت کی علمی خدمات سے واقف کرایا جائے ۔کانفرنس کے داعی پیرِ طریقت حضرت مولانا سید شاہ زین العابدین ترابی بندہ نوازی سہروردی شطاری نے تمام معزز مہمانوں ، علمائے کرام ، مشائخِ عظام اور شعرائے کرام کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے مہمانانِ گرامی کی شال پوشی اور گل پوشی کے ذریعے تہنیت و تکریم پیش کی ۔

شہہ نشین پر اولادِ امجاد حضرت خواجہ بندہ نواز رحمۃ اللہ علیہ حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی قبلہ، المعروف رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ؛ اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ ؛ امیرِ امارتِ امتِ اسلامیہ حضرت مولانا الحاج قاضی محمد عبدالرزاق نقشبندی مجددی قادری مداری چشتی سہروردی بانی و صدر آل انڈیا ایس ایس او؛ حضرت مولانا عبداللہ بن سالم بایمین چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل؛ حضرت مولانا شیخ محمد اسماعیل پاشاہ المعروف معصوم بابا چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل اور دیگر معزز علمائے کرام و مشائخِ عظام موجود تھے ۔

کانفرنس اور منقبتی مشاعرے کے ذریعے اہلِ بیتِ اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین کی محبت ، شہزادیٔ کونین حضرتہ سیدہ بی بی فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کی عظمت ، صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے احترام اور تعلیماتِ نبوی ﷺ سے وابستگی کا پیغام عام کیا گیا ۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قرآن حکیم و سنت نبویؐ کی صحیح تعلیمات ، اکابرِ اہلِ سنت کی علمی روایت اور اخلاقِ نبوی ﷺ کو فروغ دے کر معاشرے میں دینی شعور ، باہمی احترام ، اتحاد و اخوت کو مضبوط بنایا جائے ۔ حضرت اطیب اعجاز نے نظامت کے فرائض انجام دیئے-