نارائن پیٹ ضلع کے تمام مستحق بیڑی مزدوروں کو پنشن فراہم کی جائے۔

Pension should be provided to all deserving beedi workers of Narayanpet district

ضلع حج سوسائٹی کمیٹی کے رکن عبدالمنیر کا مطالبہ، ضلع کلکٹر کو یادداشت پیش

(اپنا ورنگل)

نارائن پیٹ :

نارائن پیٹ ضلع میں بیڑی سازی کے پیشے سے وابستہ غریب مزدوروں کو معاشی مشکلات سے راحت فراہم کرنے کے لیے تمام مستحق بیڑی مزدوروں کو ماہانہ پنشن کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ضلع حج سوسائٹی کمیٹی کے رکن عبدالمنیر نے ضلع کلکٹر سی ایچ پریانکا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کی۔

اس موقع پر عبدالمنیر نے کہا کہ ضلع میں ہزاروں غریب خاندان بیڑی سازی کے پیشے سے وابستہ ہیں اور اسی ذریعہ معاش پر ان کے گھرانوں کا انحصار ہے۔ انتہائی کم آمدنی کے باعث ان خاندانوں کو روزمرہ ضروریات کی تکمیل میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بعض خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی اور ریاستی وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری سے اپیل کی کہ حکومت کی نئی پنشن اسکیم میں ضلع کے تمام مستحق بیڑی مزدوروں کو شامل کرتے ہوئے انہیں ماہانہ پنشن فراہم کی جائے، تاکہ غریب مزدور خاندانوں کو معاشی تحفظ حاصل ہو اور وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔

اس موقع پر محمد فیاض، محمد عارف، محمد اشفاق اور حامد کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔