ورنگل میں آپریشن مسکان-12 کی بڑی کامیابی، 314 بچے چائلڈ لیبر اور دیگر خطرات سے محفوظ۔

Operation Muskan-12 a huge success in Warangal, 314 children protected from child labor and other dangers

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ورنگل پولیس کمشنر این. شویتا نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ہدایت پر یکم جولائی سے 31 جولائی تک ورنگل پولیس کمشنریٹ کی حدود میں چلائے گئے آپریشن مسکان-12 کے دوران مجموعی طور پر 314 بچوں کو چائلڈ لیبر اور دیگر حالات سے بچایا گیا۔ ان میں 269 لڑکے اور 45 لڑکیاں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے مقصد سے صنعتی علاقوں، دکانوں، اینٹوں کے بھٹیوں اور دیگر خطرناک مقامات پر خصوصی مہم چلائی گئی۔ اس کے لیے کمشنریٹ کے 9 سب ڈویژنوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جن میں 9 سب انسپکٹروں اور 36 پولیس اہلکاروں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

اس کاروائی میں اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹ، ورنگل، ہنمکنڈہ اور جنگاؤں اضلاع کے محکمہ اطفال تحفظ، چائلڈ ہیلپ لائن،محکمہ لیبر، اور شیئر، اسکوپ اور FMM SSS فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی تعاون کیا۔آپریشن کے دوران 226 چائلڈ لیبر بچوں اور 85 ایسے بچوں کو محفوظ کیا گیا جنہوں نے تعلیم ادھوری چھوڑ دی تھی۔ بعد ازاں ان بچوں کو ورنگل، ہنمکنڈہ اور جنگاؤں کے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (CWC) کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں بچوں اور ان کے والدین کی کونسلنگ کے بعد انہیں ان کے حوالے کیا گیا۔

بچائے گئے بچوں میں بہار، مہاراشٹر، کرناٹک، راجستھان، آندھرا پردیش، مغربی بنگال، اتر پردیش، چھتیس گڑھ اور آسام سے تعلق رکھنے والے 130 بچے بھی شامل ہیں۔پولیس کمشنر نے بتایا کہ کم عمر بچوں سے مزدوری کرانے والے مالکان کے خلاف ورنگل پولیس کمشنریٹ میں 55 ایف. آئی. آرز. درج کی گئی ہیں، جبکہ محکمہ لیبرکی جانب سے 92 انسپکشن رپورٹس بھی درج کی گئیں۔ اس کے علاوہ مختلف پولیس اسٹیشنوں کی جنرل ڈائری میں 118 بچوں کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔اس موقع پر این.شویتا نے کہا، "بچے کام پر نہیں بلکہ اسکول میں ہونے چاہئیں۔

بچوں کے روشن مستقبل کا تحفظ ہی آپریشن مسکان کا اصل مقصد ہے۔ چائلڈ لیبر کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں بھی کم عمر بچوں سے مزدوری کرائی جا رہی ہو تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ایسے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم میں پولیس کے علاوہ خواتین و اطفال بہبود محکمہ (WCD)، چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (CWC)،محکمہ لیبر، محکمہ تعلیم، شیئر، اسکوپ، FMM SSSفلاحی تنظیمیں اور چائلڈ لائن کے اہلکاروں نے بھی فعال کردار ادا کیا۔

News Source : M.F. Baig Riaz