New revelation in the Kedari Hotel Hanamakonda tragedy! The banner in front of the hotel raises many questions

(اپنا ورنگل)
ورنگل:
ہنمکنڈہ کے عدالت جنکشن پر واقع لنگالہ کیداری ہوٹل میں پیش آئے دلخراش آتشزدگی کے واقعہ نے جہاں ورنگل کے عوام کو غمزدہ کر دیا ہے، وہیں اب اس واقعہ سے متعلق بعض نئے دعوے بھی سامنے آرہے ہیں، جن کی سچائی کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، لنگالہ کیداری مبینہ طور پر ایک ہوٹل کرایے پر لے کر چلا رہے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ کرایہ کی ادائیگی کے معاملے پر ہوٹل کے مالک اور کیداری کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے تھے۔
بعض افراد کا دعویٰ ہے کہ کیداری کی غیر موجودگی میں ان کی اہلیہ پشپالاتا کو ہوٹل سے باہر نکال دیا گیا اور ہوٹل پر تالا لگا دیا گیا۔اسی دوران ہوٹل کے سامنے لگائے گئے ایک بینر نے اس پورے واقعہ کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔ واقعہ کے بعد ہوٹل کے سامنے لگائے گئے مذکورہ بینر میں مبینہ طور پر ہوٹل کے مالک کی جانب سے ظلم و زیادتی اور بے عزتی کا ذکر کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسی صورتحال سے دلبرداشتہ ہوکر کیداری اور ان کی اہلیہ نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ بینر میں واقعہ کو خودکشی سے جوڑنے والی باتیں بھی درج ہیں۔
تاہم، بینر پر درج ان الزامات اور دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔دوسری جانب، اب تک یہ سمجھا جارہا تھا کہ عدالت جنکشن میں واقع لنگالہ کیداری ہوٹل میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، جس میں کیداری اور ان کی اہلیہ شدید طور پر جھلس گئے اور کیداری کی موت ہوگئی۔ تاہم اب سامنے آنے والے دعوؤں اور ہوٹل کے سامنے لگائے گئے بینر میں درج باتوں نے پورے واقعہ پر کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
یہ دعوے کس حد تک درست ہیں اور آتشزدگی کے پیچھے اصل وجہ کیا تھی، اس کا فیصلہ پولیس کی تحقیقات، جائے وقوعہ سے حاصل شواہد اور دیگر دستیاب ثبوتوں سے ہی ہوسکے گا۔ اگر ان الزامات میں حقیقت پائی جاتی ہے تو یہ واقعہ محض ایک آتشزدگی نہیں بلکہ مبینہ ذہنی اذیت، بے عزتی اور معاشی تنازعے کے نتیجے میں پیش آنے والا انتہائی افسوسناک سانحہ ثابت ہوسکتا ہے۔ورنگل کے عوام اب اس معاملے کی مکمل، غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات اور حقیقت سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔
News Source : M.F. Baig Riaz

