Moderate rain in various areas of Warangal city, citizens get temporary relief from heat and humidity, weather becomes pleasant

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
گزشتہ چند دنوں سے شدید گرمی اور حبس سے پریشان ورنگل شہر کے عوام کو جمعہ کے روز اس وقت بڑی راحت ملی جب شہر کے مختلف علاقوں میں معتدل بارش ہوئی۔ بارش شروع ہوتے ہی موسم خوشگوار ہوگیا اور درجۂ حرارت میں نمایاں کمی محسوس کی گئی۔
شدید گرمی کے باعث شہریوں کو روزمرہ کے معمولات کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، لیکن جمعہ کی بارش نے موسم کا مزاج بدل دیا۔ ٹھنڈی ہواؤں اور خوشگوار فضا نے شہریوں کو گرمی کی شدت سے وقتی نجات دلائی، جس پر لوگوں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔

بارش کے نتیجے میں شہر کی بعض سڑکوں پر معمولی پانی جمع ہوگیا، تاہم کسی بڑے نقصان یا ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران بھی ورنگل اور اس کے اطراف کے علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی تا معتدل بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے موسم مزید خوشگوار رہنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

