ورنگل میں ایم ایچ کارنیول ایکسپو کی دھوم، ہزاروں افراد کی شرکت سے ایک روزہ پروگرام یادگار۔

MH Carnival Expo in Warangal, a memorable one-day event with the participation of thousands of people

(اپنا ورنگل)

ورنگل:
ورنگل کے اے-1 کلاسک کنونشن ہال، ایل بی نگر میں ایم ایچ کارنیول ایکسپو (سیزن-2) کا ایک روزہ رنگا رنگ پروگرام پورے جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ صبح سے رات گئے تک جاری رہنے والے اس کارنیول میں شہر اور مضافات سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور منتظمین کی محنت کو سراہا۔ اس ایکسپو میں تفریح، لذیذ کھانوں، جدید فیشن، فن پاروں اور دیدہ زیب جیولری کے درجنوں اسٹالز لگائے گئے تھے۔

 

بچوں کے لیے جھولے اور گیمز، خواتین کے لیے مہندی و دستکاری کے اسٹالز جبکہ نوجوانوں کے لیے فوڈ کورٹ خاص کشش کا باعث بنے۔ پورا ہال دن بھر خاندانوں کی رونق اور خریداروں کی گہما گہمی سے آباد رہا۔ کارنیول کا بنیادی مقصد گھریلو سطح پر کام کرنے والی خواتین، چھوٹے تاجروں اور ہوم بیسڈ وینڈرز کو ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ اس موقع پر کئی نئے کاروباروں کو نہ صرف اپنے گاہک ملے بلکہ انہیں بڑے پیمانے پر اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع بھی میسر آیا۔

ایکسپو کے منتظم محمد محسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "ہمارا خواب ہے کہ ہنر مند گھریلو خواتین اور چھوٹے کاروباری افراد کو مارکیٹ تک رسائی دی جائے۔ ایم ایچ کارنیول اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ یہ لوگ معاشی طور پر خود کفیل ہو سکیں۔” شرکاء اور زائرین نے ایکسپو کے انتظامات، صفائی اور سیکیورٹی کو مثالی قرار دیا۔ ایک خاتون اسٹال ہولڈر نے بتایا کہ ایک ہی دن میں ان کی ماہ بھر کی فروخت کے برابر آرڈر ملے۔

عوام نے منتظمین سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے کارنیول تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جائیں کیونکہ یہ نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ مقامی معیشت کو بھی سہارا دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایم ایچ کارنیول ایکسپو کا پہلا سیزن بھی عوام میں بے حد مقبول ہوا تھا اور دوسرے سیزن کی کامیابی نے اسے ورنگل کی ایک اہم تجارتی و ثقافتی سرگرمی بنا دیا ہے۔

News Source : M.F. Baig Riaz