Jamiat Ulama holds a one-day training workshop in Vijayawada; Moulana Hussain Ahmed Mazahiri felicitated on his appointment as a member of the Andhra Pradesh Waqf Tribunal

(اپنا ورنگل)
وجے واڑہ :
جمعیت علماء وجے واڑہ کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی، جس میں شہر اور مختلف منڈلوں سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور جمعیت کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تربیتی نشستوں سے استفادہ کیا۔اس موقع پر جمعیت علماء آندھرا پردیش کے ریاستی نائب صدر مولانا حسین احمد مظاہری کو آندھرا پردیش وقف ٹریبونل کا رکن مقرر ہونے پر شہری اور ضلعی ارکان کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔
حضرت مولانا محمد الیاس جامعی، شیخ الحدیث جامعہ نور الہدیٰ و ناظم اعلیٰ جمعیت علماء نیلور کے دست مبارک سے انہیں تہنیتی پیش کی گئی۔ علماء اور ذمہ داران نے مولانا حسین احمد مظاہری کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان سے وقف املاک کے تحفظ، نگہداشت اور جائز حقوق کی حفاظت کی بہترین خدمات لے اور انہیں اس اہم ذمہ داری کو احسن طریقہ سے انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
تربیتی ورکشاپ سے حضرت مولانا محمد الیاس جامعی نے جمعیت علماء کے مختلف شعبہ جات، تنظیمی ذمہ داریوں اور خدمات کے موضوع پر جامع اور پرمغز خطاب فرمایا۔ انہوں نے جمعیت سے وابستہ مختلف شعبوں کی اہمیت اور ان کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ قومی صدر جمعیت علماء ہند مولانا محمود مدنی کی نگرانی میں ملک بھر میں جمعیت کے مختلف شعبہ جات کو منظم اور مربوط انداز میں فعال رکھا جا رہا ہے۔
شرکائے ورکشاپ نے اس خطاب سے بھرپور استفادہ کیا۔ورکشاپ میں مفتی سید عبد الرحیم قاسمی، مفتی سالار عبد اللہ قاسمی، مفتی عرفان اسعدی، مفتی عبید الرحمن قاسمی، مولانا امیر الحق رحمانی، مولانا عبد الستار خان رشادی، قاضی امان اللہ بیگ سمیت شہر و ضلع کے متعدد علماء کرام اور جمعیت کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
آخر میں جمعیت علماء کی دینی، ملی، سماجی اور فلاحی خدمات کی قبولیت اور تمام ذمہ داران کے لیے اخلاص و استقامت کے ساتھ خدمت کی توفیق کی دعا کی گئی۔
News Source : M.F. Baig Riaz

