گریٹر ورنگل پریس کلب میں یومِ آزادی کی تقریب، صحافیوں کو مکانات کے پلاٹس کی فراہمی کا اعلان۔

Independence Day ceremony at Greater Warangal Press Club, announcement of provision of housing plots to journalists

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

گریٹر ورنگل پریس کلب میں یومِ آزادی کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔ گریٹر ورنگل پریس کلب کے صدر ویمولا ناگراجو نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر کمیٹی کے ذمہ داران، مختلف یونینوں کے قائدین اور سینئر صحافی موجود تھے۔پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے ویمولا ناگراجو نے کہا کہ گریٹر ورنگل پریس کلب کے ارکان کو جلد ہی مکانات کے لیے پلاٹ فراہم کرنے کے سلسلے میں مناسب منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 دنوں میں TUWJ-IJU کے قائدین اس سلسلے میں طریقہ کار اور ضوابط کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو افراد مقررہ شرائط سے متفق ہوں وہی درخواست دیں۔ درخواستوں کی ہاؤسنگ کمیٹی جانچ کرے گی اور اس کے بعد ہی ارکان کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ TUWJ-IJU کے ارکان کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ TWJF کو اپنا حلیف قرار دیتے ہوئے اس کے ارکان اور غیر جانب دار صحافیوں کو بھی ترجیح کے ساتھ ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے گی۔ویمولا ناگراجو نے کہا کہ پریس کلب میں جاری ترقیاتی کام حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز سے ہی انجام دیے جارہے ہیں۔

ارکان کی انشورنس کے لیے بھی کمیٹی کے متفقہ فیصلے کے مطابق کلب کے فنڈز خرچ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد کا کام صرف ان کے خلاف الزام تراشی کرنا اور غلط باتیں پھیلانا رہ گیا ہے اور وہ مقدمات بھی درج کروا رہے ہیں، لیکن وہ ایسی گھٹیا سیاست سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

تقریب میں جنرل سکریٹری بولاّرم سدیا، خازن بولاّ امر، نائب صدر کوڈی پلی دُرگا پرساد راؤ، ایمسانی سری نواس، جوائنٹ سکریٹری پوڈی چیٹی وشنو وردھن، ولی شیٹی سدھاکر، ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان ایم ڈی نعیم پاشاہ، سنجیویا، بلواڑی وجے، TUWJ-IJU ہنمکنڈہ ضلع کے صدر گڈم کیشو مورتی، سکریٹری اُٹاکوری سائی رام، ریاستی قائدین گاڑی پلی مدھو، پی وی مدن موہن، کنکنالا سنتوش، پنا شیوا کمار،

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے کنوینر مرزا فتح اللہ بیگ ریاض،سینئر صحافی محمد عبدالرزاق اکرم، TWJF کے ریاستی سکریٹری بوکا دیا ساگر کے علاوہ صحافی وجے بھاسکر، انتڈوپلا سری نواس، اڈوپا سامبا شیو راؤ، جَنّو سوامی، بورم پرشانت، وینو، شوبھن بابو، دھننجے، ناگراجو، رمیش اور دیگر نے شرکت کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz