ورنگل میں خصوصی SIR مہم کا ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا کا زمینی جائزہ، ووٹر لسٹ کی شفاف تطہیر پر زور

District Collector Dr. Satya Sharda’s on-the-ground review of the special SIR campaign in Warangal, emphasis on transparent purification of voter list

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

بھارتی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق جاری خصوصی  (SIR) مہم کا ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے منگل کے روز دگگونڈی منڈل کے لکشمی پورم، دگگونڈی اور گوپال پورم دیہات کا دورہ کرکے زمینی سطح پر جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے گھر گھر سروے، اینیومریشن فارموں کی تقسیم، ووٹروں کی تفصیلات کے اندراج اور تصدیقی عمل کا معائنہ کیا۔ کلکٹر نے بی ایل اوز (BLOs) کی جانب سے انجام دیے جا رہے کاموں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ڈاکٹر ستیہ شاردا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایس آئی آر عمل کو الیکشن کمیشن کی رہنما ہدایات کے مطابق مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر اہل ووٹر کی درست نشاندہی کرتے ہوئے ووٹر لسٹ کی تطہیر کا عمل کسی بھی غلطی کے بغیر انجام دیا جائے۔ ساتھ ہی عوام میں بیداری پیدا کرتے ہوئے گھر گھر سروے کو مؤثر انداز میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔

معائنے کے دوران کلکٹر نے کسانوں سے ملاقات کرکے گاؤں کی صورتحال، زیر کاشت رقبہ اور موجودہ فصلوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کم پانی میں کاشت کی جانے والی فصلوں کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا۔اس دورے میں نرسم پیٹ آر ڈی او اوما رانی، دگگونڈی تحصیلدار سمکا، نرسم پیٹ تحصیلدار روی چندر ریڈی اور دیگر متعلقہ عہدیدار بھی ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz