درگاہ اجمیر شریف کے لئے دفتر تلنگانہ جاگروتی سے غلاف مبارک کی روانگی ، نئی سیاسی جماعت کی کامیابی اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے رقت انگیز دعا،کویتا کی بصد عقیدت و احترام شرکت۔

Departure of the blessed Ghilaf from the Telangana Jagruti office for Dargah Ajmer Sharif, heartfelt prayers for the success of the new political party and the development of Telangana, participation of K. Kavita with devotion and respect

(اپنا ورنگل)

صدر دفتر تلنگانہ جاگروتی واقع بنجارہ ہلز سے آج درگاہ حضرت معین الدین چشتی حسن سنجری رحمتہ اللہ علیہ اجمیر شریف کے لئے غلاف مبارک کی بصد عقیدت و احترام روانگی عمل میں آئی۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے غلاف مبارک پر عطر لگا کر اسے روانہ کیا اور اس روحانی اور بابرکت تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ تلنگانہ میں ہماری ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کا عمل جاری ہے اور اس کی کامیابی، استحکام اور عوامی خدمت کے مقصد کے لئے درگاہ اجمیر شریف میں دعا کی غرض سے غلاف مبارک روانہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعہ نہ صرف روحانی وابستگی کا اظہار کیا جا رہا ہے بلکہ عوامی خدمت کے عزم کو بھی مزید تقویت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے تاریخی موقع پر بھی وہ درگاہ اجمیر شریف پر حاضری دے کر ریاست کی خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دعا کی تھیں اور آج ایک بار پھر اسی روحانی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے نئی سیاسی جماعت کی کامیابی کے لئے دعا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

کویتا نے کہا کہ مجوزہ نئی جماعت کا بنیادی مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت ہے اور اس سرزمین کا قرض ادا کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔پروگرام کا آغاز قاری عبدالباری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ دعا میں کلواکنٹلہ کویتا کے تمام جائز مقاصد کی تکمیل، نئی سیاسی جماعت کی کامیابی اور ریاست تلنگانہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی التجا کی گئی۔اس موقع پر تلنگانہ جاگروتی کے اقلیتی قائدین اور دیگر ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اس روحانی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے نئی سیاسی جماعت کی کامیابی کے لئے دعا کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz