اوٹکور میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ، حج کمیٹی کے رکن عبدالمُنیر کا مختلف علاقوں کا دورہ۔

Demand for provision of basic facilities in Utkoor, Hajj Committee member Abdul Muneer visits various areas

(اپنا ورنگل)

اوٹکور :

نارائن پیٹ ضلع حج کمیٹی کے رکن اور سماجی کارکن عبدالمُنیر نے اوٹکور منڈل کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مقامی عوام اور مریضوں سے ملاقات کی اور صحت و دیگر بنیادی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔عبدالمُنیر نے متعلقہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے حکام سے مطالبہ کیا کہ مراکزِ صحت میں مریضوں اور عوام کی سہولت کے لیے ضروری پنکھوں اور لائٹس کا فوری انتظام کیا جائے۔

انہوں نے اپنی جانب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت دو پنکھے اور ضروری لائٹس فراہم کیں، تاکہ مریضوں اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کو سہولت حاصل ہوسکے۔اس موقع پر عبدالمُنیر نے کہا کہ اوٹکور منڈل کے لیے اب تک ایمبولینس کی مستقل سہولت دستیاب نہیں ہے، جس کے باعث ہنگامی حالات میں مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے ریاستی وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری سے مطالبہ کیا کہ اوٹکور منڈل کے لیے فوری طور پر ایک ایمبولینس کا انتظام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریض کو بروقت بہتر طبی مرکز منتقل کرنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ ایمبولینس کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو نجی گاڑیوں یا دیگر ذرائع پر انحصار کرنا پڑتا ہے، جس سے علاج میں تاخیر کا خدشہ رہتا ہے۔ اس لیے اوٹکور منڈل اور اطراف کے عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقل ایمبولینس کی سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔عبدالمُنیر نے مزید کہا کہ گرمی کے موسم میں مراکزِ صحت میں پنکھوں اور مناسب روشنی کا انتظام بنیادی ضرورت ہے، خصوصاً بزرگوں، خواتین، بچوں اور مریضوں کو اس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ محکمہ کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ عوامی مسائل کو ریاستی حکومت اور متعلقہ حکام تک پہنچانے کے لیے مقامی ایم ایل اے اور ریاستی وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری سے بھی نمائندگی کی جائے گی۔ ان کے تعاون سے اوٹکور منڈل کے لیے ایمبولینس سمیت دیگر ضروری طبی سہولیات کے انتظام کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔

عبدالمُنیر نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اوٹکور منڈل کے عوام کو درپیش طبی مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں گے اور عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر محمد عارف، محمد اشفاق، محمد فیاض، محمد مکروم، وقار، شبیر، آصف کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔

News Source : Mohd. ashfaq