12 دسمبر کو منعقد ہونے والی قومی لوک عدالت کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں: ضلع جج

All departments should work in mutual coordination to make the National Lok Adalat, scheduled for December 12, a success: District Judge

(اپنا ورنگل)

نارائن پیٹ :

ضلع و سیشن جج بویا سرینواسلو نے کہا کہ فریقین کے درمیان باہمی رضامندی اور راضی نامے کے ذریعے مقدمات کی جلد یکسوئی کے لیے لوک عدالت ایک انتہائی مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں زیرِ التواء مقدمات کو باہمی اتفاقِ رائے سے حل کرنے کے لیے عوام لوک عدالت کی سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔نارائن پیٹ ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کے زیرِ اہتمام ہفتہ کے روز منعقدہ کوآرڈینیشن اور پولیس عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 دسمبر کو منعقد ہونے والی چوتھی قومی لوک عدالت کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ عوام اور مقدمات کے فریقین میں لوک عدالت کے فوائد سے متعلق وسیع پیمانے پر شعور بیدار کیا جائے۔ضلع جج نے بتایا کہ 12 ستمبر کو منعقدہ قومی لوک عدالت میں باہمی رضامندی کے ذریعے ضلع نارائن پیٹ میں جملہ 5,552 مقدمات کی یکسوئی عمل میں لائی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ضلع نے ریاست بھر میں 23 واں مقام حاصل کیا۔

اس کامیابی پر انہوں نے ججوں، پولیس عہدیداروں اور متعلقہ عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ 12 دسمبر کو منعقد ہونے والی قومی لوک عدالت میں فوجداری کے قابلِ راضی نامہ مقدمات، دیوانی مقدمات، نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس (این آئی) ایکٹ کے مقدمات، ایگزیکیوشن پٹیشن (ای پی) مقدمات، سائبر جرائم اور ناقابلِ ضمانت وارنٹ سے متعلق مقدمات کی زیادہ سے زیادہ یکسوئی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس کے علاوہ ڈرنک اینڈ ڈرائیو مقدمات کی یکسوئی کے عمل کو بھی حسبِ سابق جاری رکھنے کی ہدایت دی۔اس اجلاس میں ضلع کلکٹر و مجسٹریٹ سی ایچ پریانکا، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر جی وینیت کمار، ڈی ایل ایس اے سکریٹری و سینئر سیول جج وندھیا نائک سمیت دیگر ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔