A grand gathering in Amberpet on The Seerah of the Benefactor of Humanity (PBUH) and Our Responsibilities

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
جمعیۃ علماء حلقہ عنبرپیٹ کے زیر اہتمام اور مسجد زم زم عنبرپیٹ کے زیر انتظام 12 ستمبر کو بعد نمازِ عشاء مسجد زم زم میں ’’سیرتِ محسنِ انسانیت ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا۔ جلسہ حضرت مولانا مصدق القاسمی صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کی سرپرستی اور مولانا حافظ محمد یعقوب قاسمی صدر جمعیۃ علماء عنبرپیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ریاست تلنگانہ و آندھرا کے امیرِ شریعت حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے کلیدی خطاب کیا۔
حافظ و قاری نعیم احمد نے تلاوتِ کلام پاک اور مولانا پیر عبدالوہاب عمیر قاسمی نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔اپنے خطاب میں حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی زندگی میں اسوۂ نبوی ﷺ پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ جب تک ہم اپنی حالت نہیں بدلیں گے، حالات نہیں بدلیں گے۔ اپنے اندر اچھے اخلاق اور اعلیٰ صفات پیدا کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہی حقیقی عشقِ رسول ﷺ اور اتباعِ رسول ﷺ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے دنیا کے مقابلے میں آخرت کی فکر کو زیادہ اہمیت دی اور سادگی کے ساتھ زندگی گزاری۔ ہمیں بھی اپنی زندگی اور طرزِ عمل کا جائزہ لیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا استعمال ضرور کرنا چاہیے، لیکن اللہ کی مرضی، نبی رحمت ﷺ کی تعلیمات اور ہدایات کے خلاف نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے حضرت شاہ صوفی غلام محمدؒ کا شعر ’’نبی کو نظر میں جماتا چلا جا، خدا کی نظر میں سماتا چلا جا‘‘ بھی پیش کیا۔
خواتین کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا نے کہا کہ بچوں کی تربیت میں والدین، خصوصاً ماؤں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ بچے اپنے والدین کے طرزِ عمل کی نقل کرتے ہیں؛ والدین نماز کی پابندی کریں گے تو بچے بھی نماز کی طرف راغب ہوں گے اور اگر گھر میں لڑائی جھگڑا یا گالی گلوچ ہوگا تو بچے بھی وہی سیکھیں گے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ موجودہ دور کی گمراہیوں کے پیش نظر اپنے بچوں اور بچیوں کی خصوصی نگرانی کرتے ہوئے انہیں بہترین اخلاق و کردار کا حامل بنائیں۔
جلسہ میں حفاظ، علماء، ائمہ، خطباء، مؤذنین، طلبہ، نوجوانوں، دعوت و تبلیغ سے وابستہ احباب، جمعیۃ علماء کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد، بشمول خواتین، نے شرکت کی۔ حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی نے توقع سے زائد ایک گھنٹے سے زیادہ تفصیلی خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں زندگی گزارنے کی تلقین کی۔ خطاب کے اختتام پر مولانا حافظ محمد یعقوب قاسمی نے تمام مصلیانِ مسجد زم زم، منتظمین، معاونین، ذمہ داران اور شرکائے اجلاس کا شکریہ ادا کیا اور دو رکعت نمازِ شکرانہ ادا کرکے دعا کے ساتھ رخصت ہونے کی اپیل کی۔
جلسہ کے شرکاء کے لیے مسجد زم زم کے زیر انتظام طعام کا بھی انتظام کیا گیا۔ خواتین کے لیے پردے، سماعتی نظام اور طعام کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ مولانا حافظ محمد غوث رشیدی طبیعت کی ناسازی کے باعث جلسہ میں شریک نہ ہوسکے، تاہم جلسہ کی کامیابی کے لیے فکر مند رہے اور بالخصوص خواتین کے لیے مائک سسٹم کے انتظام میں تعاون کیا۔ بارش کے باوجود نوجوانانِ مسجد زم زم اور جمعیۃ علماء عنبرپیٹ کے کارکنان نے انتظامات میں بھرپور خدمات انجام دیں۔ آخر میں حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی کی دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔
News Source : M.F. Baig Riaz

