ورنگل کےخوش محل میں 80ویں یومِ آزادی کی شاندار تقریب، وزیر کونڈا سریکھا نے قومی پرچم لہرایا۔

A grand celebration of the 80th Independence Day at Khush Mahal in Warangal, Minister Konda Surekha hoisted the National flag

 مجاہدینِ آزادی کی تہنیت، بہترین افسران و ملازمین میں توصیفی اسناد کی تقسیم

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

قلعہ ورنگل کے خوش محل احاطے میں 80ویں یومِ آزادی کی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ ریاستی وزیر برائے جنگلات، ماحولیات، اوقاف و مذہبی امور کونڈا سریکھا نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا، ڈی سی پی انکت کمار، ڈی ایف او نکیتا، عوامی نمائندے، ضلع کے اعلیٰ عہدیداران، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کے آغاز میں وزیر کونڈا سریکھا نے پولیس کی جانب سے پیش کیا گیا گارڈ آف آنر قبول کیا۔ قومی نغمے کی پیشکش کے بعد انہوں نے مہاتما گاندھی اور بھارت رتن ڈاکٹر بی. آر. امبیڈکر کی تصاویر پر پھولوں کے ہار چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بعد ازاں قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانے کے ساتھ تلنگانہ ریاستی گیت پیش کیا گیا۔ وزیر نے پولیس پریڈ کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر وزیر کونڈا سریکھا نے ضلع میں جاری مختلف ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں اور حاصل کی گئی پیش رفت سے متعلق ضلع کی ترقیاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی۔بعد ازاں سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے مختلف ثقافتی پروگرام پیش کیے، جن کا وزیر کونڈا سریکھا نے مشاہدہ کیا۔ تقریب میں مجاہدینِ آزادی کی وزیر کونڈا سریکھا اور ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے پھولوں کے ہار اور شال پیش کرتے ہوئے تہنیت کی۔

مجاہدینِ آزادی کی جانب سے ڈبل بیڈ روم مکانات کی درخواست پیش کیے جانے پر وزیر کونڈا سریکھا نے فوری طور پر اس سلسلے میں یقین دہانی کرائی۔ وزیر کی یقین دہانی پر تقریب کا احاطہ تالیوں کی گونج سے بھر گیا۔بعد ازاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کو وزیر کونڈا سریکھا کے ہاتھوں توصیفی اسناد پیش کی گئیں۔

اس کے بعد ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا، ایڈیشنل کلکٹر ریونیو جی۔ سندھیا رانی، ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈیز وائی۔ وی۔ گنیش اور دیگر عہدیداران نے وزیر کے ہمراہ مختلف محکمہ جات کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا۔تقریب میں عوامی نمائندوں، ضلع عہدیداران، پولیس افسران و اہلکاروں، مجاہدینِ آزادی، طلبہ اور عوام نے شرکت کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz