اوقافی املاک کی حفاظت ہمارا دینی اور ملی فریضہ ہے : محمد عبدالقدوس

Protection of waqf properties is our religious and national duty

ورنگل :
( اپنا ورنگل)
سیاسی و سماجی کارکن محمد عبدالقُدّوس نے ورنگل کے تمام اہلِ فکر دانشوران، قانونی ماہرین، ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ریٹائرڈ افسران، لینڈ ریکارڈز کے سابق ماہرین، وقف جائیداد کے متخصصین، متولیان اور مساجد کی مینجمنٹ کمیٹیوں سے ایک پرزور اپیل کی ہے کہ وہ وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے اوقافی املاک کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (AIMPLB) کی مرکزی کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ہر ضلع میں تمام وقف جائیدادوں کی تفصیلات UMEED پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ازحد ضروری قرار دیا گیا ہے، تاکہ اوقافی املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ محمد عبدالقُدّوس کے مطابق یہ صرف ایک انتظامی عمل نہیں بلکہ ملت کی امانت کی حفاظت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے مختلف طبقات کے حضرات سے اس مشن میں فوری شامل ہونے کی اپیل کی جن میں قانونی ماہرین، وکلاء، ریونیو اور لینڈ ریکارڈز کے ریٹائرڈ ملازمین، وقف ماہرین، متولیان، مساجد کمیٹیاں، آئی ٹی ماہرین، PR اور میڈیا ایکسپرٹس کے ساتھ ساتھ سماجی و دینی تنظیمیں شامل ہیں۔ عبدالقُدّوس نے وضاحت کی کہ اجتماعی ذمہ داریوں میں تمام اوقافی جائیدادوں کا ریکارڈ مرتب کرنا، حدود و ملکیت کا ثبوت جمع کرنا، مرحلہ وار UMEED پورٹل پر اپ لوڈ کرنا، قانونی و تکنیکی رہنمائی فراہم کرنا اور عوام میں شعور بیدار کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مستقبل میں اوقاف کے مضبوط نظامِ تحفظ کی بنیاد ثابت ہوگا۔ خصوصی طور پر آئی ٹی ماہرین اور PR ٹیموں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "آپ اس پورے عمل کے ٹیکنیکل اور ابلاغی ریڑھ کی ہڈی ہیں، آپ کے بغیر یہ قومی و ملی مشن ادھورا رہے گا۔” انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اب قدم نہ اٹھایا گیا تو اوقاف پر قبضے بڑھیں گے، قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی اور ملت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ اس کے برخلاف اگر ہم آج متحد ہو جائیں تو اوقافی املاک محفوظ رہیں گے اور آئندہ نسلوں کے حقوق سلامت رہیں گے اور مساجد، مدارس، قبرستان و خانقاہیں مضبوط بنیادوں پر قائم رہیں گی۔آخر میں محمد عبدالقُدّوس نے تمام متولیان، مساجد کمیٹیاں، ذمہ داران، ماہرینِ قانون، ریونیو افسران اور آئی ٹی ماہرین سے فوری عملی کردار ادا کرنے کی اپیل کی تاکہ ورنگل سمیت پورے خطے میں اوقاف کے تحفظ کا مشن کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔

News Source : M. F. Baig Riaz