Anganwadi children have been waiting for uniforms for four months.
غیر معمولی تاخیر سے طلبہ مختلف کپڑے پہننے پر مجبور ، تعلیمی جوش و خروش میں کمی.
(اپنا ورنگل)
تانڈور کے آنگن واڑی اسکول کے بچوں کو ابھی تک یونیفارم نہیں دیا گیا ۔ تعلیمی سال شروع ہوئے تقریبا چار ماہ ہوچکے ہیں ۔ بچے بے صبری سے یونیفارم کا انتظار کررہے ہیں ۔ بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ انہیں یونیفارم پچھلے سال کے اوائل میں دیا گیا تھا لیکن اس مرتبہ کافی تاخیر ہوچکی ہے ۔ والدین نے مطالبہ کیا کہ یونیفارم جلد فراہم کیا جائے تاکہ بچے جوش و خروش کے ساتھ آنگن واڑی کو جاسکے ۔ ضلع کے تانڈور ، وقار آباد ، پرگی اور کوڑنگل حلقوں میں متعلقہ آنگن واڑی مراکز کے دائرہ اختیار میں 32,583 بچے ہیں ۔ سنٹر میں آنے والے 3 سے 6 سال کی عمر کے بچوں کے یونیفارم تقسیم کیا جائے گا ۔ ڈسٹرکٹ رورل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام خواتین گروپوں کو کپڑا فراہم کیا جائے گا اور اس کی سلائی کی جائے گی ۔ ایک جوڑے کی سلائی کے لیے 80 تا 100 روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ حکام کے مطابق کپڑا مکمل نہ آنے کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے ۔ آنگن واڑی ٹیچرز کا کہنا ہے کہ یونیفارم نہ ہونے کی وجہ سے بچے مختلف قسم کے کپڑے پہن رہے ہیں ۔ اگر انہیں یونیفارم فراہم کیا جائے گا تو بچوں میں دلچسپی پیدا ہوگی ۔ سی ڈی پی او سری لکشمی نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر میں بچوں کیلئے یونیفارم کا کپڑا آچکا ہے ۔ اسے بہت جلد منڈلوں میں تقسیم کردیا جائے گا اور خواتین گروپس کو سلائی کی ذمہ داری دی جائے گی ۔
News Source : Agency


