جامع السلاسل میں بیعت و خلافت کی اہمیت پر اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی کا مدلل خطاب؛ علماء و مشائخ کی موجودگی میں خلفاء کی دستار بندی و تقسیمِ عطائے خلافت قرآنِ حکیم اور احادیثِ نبویہ ﷺ کی روشنی میں اصلاحِ نفس، اتباعِ شریعت اور خدمتِ دین و ملت پر زور

A well-reasoned speech by the great scholar Moulana Mohammad Mohsin Pasha Qadri Naqshbandi on the importance of allegiance and caliphate in Jamia al-Salasil; The tying of the turbans of the caliphs and the distribution of the gifts of caliphate in the presence of scholars and sheikhs

(اپنا ورنگل)

توپران، ضلع میدک:

شریعت کے ساتھ ساتھ طریقت و معرفت اور حقیقت بھی شریعت محمدی صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم کا عین حصہ ہے پیری مریدی کی خدمت اللہ جل مجدہ کے قرب کا حصول ہوتا ہے کل رآت توپران کے ضلع میدک میں جامع السلاسل : ایک روحانی و بابرکت محفل میں جنوبی بھارت کے ممتاز عالم دین اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ نے بیعت و خلافت اور روحانی تربیت کی اہمیت و افادیت پر قرآنِ حکیم اور احادیثِ نبویہ ﷺ کی روشنی میں ایک مدلل و مفصل خطاب کیا ۔

اس موقع پر علماء کرام ، مشائخِ عظام اور معزز شخصیات کی موجودگی میں متعدد اہلِ علم و اہلِ نسبت کو خلافت سے سرفراز کرنے کی پر اثر تقریب منعقد ہوئی ۔مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیعت اور خلافت کا بنیادی مقصد انسان کی اصلاحِ باطن ، تزکیۂ نفس ، اخلاقِ حسنہ کی تکمیل ، اتباعِ سنتِ نبوی ﷺ اور شریعتِ مطہرہ کی پابندی کے جذبے کو مضبوط کرنا ہے ۔

بیعت محض ایک رسمی عمل نہیں ، بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا ، رسولِ اکرم ﷺ کی سنتوں پر عمل اور اپنی زندگی کو دینِ اسلام کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے عہد کا نام ہے ۔ اسی طرح خلافت کسی اعزاز یا منصب کا نام نہیں ، بلکہ ایک عظیم دینی و روحانی ذمہ داری ہے ، جس کے ذریعے مشائخ کی تعلیمات ، اصلاحی پیغام اور اخلاقی و روحانی تربیت کو آگے پہنچایا جاتا ہے ۔

انہوں نے قرآنِ مجید کی آیتِ مبارکہ پیش کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ ۗ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَحِيمٌ۔
ترجمہ: اے محبوب! فرما دیجئے کہ اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تمہیں اپنا محبوب بنا لے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا ، اور اللہ بہت بخشنے والا ، نہایت رحم فرمانے والا ہے ۔

( سورۂ آلِ عمران، آیت 31 )
مولانا نے وضاحت کی کہ محبتِ الٰہی کا حقیقی تقاضا اتباعِ رسول ﷺ ہے ۔ لہٰذا کسی بھی روحانی نسبت ، بیعت یا خلافت کی اصل روح اس وقت نمایاں ہوتی ہے جب انسان کی زندگی میں سنتِ رسول ﷺ کی پیروی ، شریعت محمدیؐ کی پابندی ، حسنِ اخلاق ، اخلاص اور خدمتِ خلق کے آثار ظاہر ہوں ۔
انہوں نے مزید آیتِ مبارکہ تلاوت کی:
يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ۔
ترجمہ: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سچوں کے ساتھ ہوجاؤ ۔

( سورۂ التوبہ، آیت 119 )
اس آیت کی روشنی میں انہوں نے کہا کہ صالحین ، اہلِ تقویٰ اور سچائی کے راستے پر قائم اہلِ علم و مشائخ کی صحبت انسان کی اخلاقی و روحانی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ تاہم حقیقی روحانی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ انسان اپنے عقائد ، اعمال ، معاملات اور اخلاق کو قرآن و سنت کے تابع رکھے ۔
احادیثِ نبویہ ﷺ کی روشنی میں بیعت و خلافت-

مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی نے احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے دین کی خیر خواہی ، اطاعتِ معروف اور اصلاحِ معاشرہ کی تعلیم دی ہے ۔ صحیح مسلم کی حدیثِ مبارکہ میں رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے:
الدِّينُ النَّصِيحَةُ۔
ترجمہ: دین خیر خواہی کا نام ہے۔

( صحیح مسلم، کتاب الایمان، حدیث 55 )
انہوں نے کہاکہ کہ اس حدیث کے مطابق اہلِ علم و مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ وہ امت کی خیر خواہی ، اصلاحِ عقائد و اعمال ، اخلاقی تربیت اور معاشرتی بھلائی کے لئے اپنی صلاحیتیں صرف کریں ۔ اسی طرح خلفاء پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے مشائخ کی جائز دینی و اصلاحی تعلیمات کو اخلاص ، حکمت اور حسنِ اخلاق کے ساتھ آگے بڑھائیں ۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ قرآن و سنت کی پیروی ، فرائض و واجبات کی ادائیگی ، حقوق العباد کی رعایت اور گناہوں سے اجتناب ہر سالک کے لئے بنیادی تقاضے ہیں ۔ کثرت درود شریف ذکر و اذکار ، طریقتِ عالیہ کا مقصد شریعت سے الگ کوئی راستہ اختیار کرنا نہیں ، بلکہ شریعتِ مطہرہ پر اخلاص کے ساتھ عمل کرتے ہوئے باطن کی اصلاح اور قربِ الٰہی کی جستجو کرنا ہے ۔

جامع السلاسل میں علماء و مشائخ کی موجودگی میں تقسیمِ خلافت

اس بابرکت محفل میں درج ذیل علماء کرام ، مشائخِ عظام اور اہلِ نسبت کی موجودگی میں خلافت سے سرفرازی کی تقریب انجام پائی: محفل کی سرپرستی اولاد خواجہ بندہ نوازؒ حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی المعروف بہ رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل نے کی – جبکہ صدارت حضرت مولانا سید شاہ محمد عبدالوہاب رفاعی قادری چشتی نقشبندی سہروردی حیدرآباد نے کی – اس موقعہ پر حضرت مولانا سید ہاشم پاشاہ قادری سجادہ نشین حضرت ہاشم پیرؒ چندرائن گٹہ ، شأں صحافت مولانا الحاج خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ سجادہ نشین گنج انوارؒ ،امیرامارت امت اسلامیہ حضرت مولانا قاضی الحاج محمد عبدالرزاق نقشبندی مجددی قادری مداری چشتی سہروردی بانی و صدر آل انڈیا ایس ایس اُو، مولانا محمد برکت علی عمران خان قادری چشتی سہروردی نقشبندی جامع السلاسل ۔

حضرت مولانا محمد محمود قادری ۔حضرت مولانا صوفی محمد صابر ابواللہی ۔ حضرت مولانا صوفی محمد سعید الدین شطاری ۔حضرت سید شاہ ندیم اللہ حسینی ۔ حضرت سید شاہ ضیاء اللہ حسینی چشتی قادری ۔ حضرت سید نور اللہ حسینی چشتی قادری ۔ حضرت سید شاہ مصطفیٰ حسینی ۔ان کے علاوہ دیگر علماء کرام، مشائخِ عظام اور معزز شخصیات نے بھی محفل میں شرکت فرمائی اور اس روحانی تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔

نئے خلفاء کے لئے دینی و روحانی ذمہ داریاں-

مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی نے نئے خلفاء کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ خلافت کے حصول کے بعد ان کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہیں چاہیے کہ اپنے مشائخ کی تعلیمات کو حرزِ جاں بنائیں، شریعتِ مطہرہ کی مکمل پاسداری کریں، سنتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگی کا رہنما بنائیں، عوام الناس کی اصلاح و تربیت میں حصہ لیں اور اپنے کردار و عمل سے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو پیش کریں۔انہوں نے فرمایا کہ روحانی نسبت کی برکت اسی وقت معاشرے میں ظاہر ہوتی ہے جب اس کے حامل افراد میں تواضع، اخلاص ، تقویٰ ، صبر ، برداشت ، محبت ، رواداری اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا ہو ۔

علماء و مشائخ کا احترام ، والدین کے حقوق ، پڑوسیوں سے حسنِ سلوک ، ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرے میں امن و اتحاد کا فروغ بھی دینی ذمہ داریوں کا اہم حصہ ہے ۔دعا کے ساتھ محفل کا اختتام آخر میں اللہ تعالیٰ کی بارگاہِ اقدس میں دعا کی گئی کہ وہ تمام مشائخِ عظام کی دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، نئے خلفاء کو اپنے مشائخ کی تعلیمات، شریعتِ مطہرہ اور طریقتِ عالیہ کے مطابق دین و ملت کی خدمت کرنے کی توفیق بخشے، ان کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے اور انہیں اخلاص، استقامت اور حسنِ کردار کے ساتھ امت کی اصلاح و رہنمائی کا ذریعہ بنائے۔

اللہ تعالیٰ اس روحانی اجتماع کو امتِ مسلمہ کے لیے خیر و برکت، اصلاحِ احوال، اتحاد و اتفاق اور فروغِ تعلیماتِ اسلام کا ذریعہ بنائے۔