ہنمکنڈہ میں شادی خانہ کی تعمیر کے لیے نئی اراضی مختص

New land allocated for construction of Shadikhana in Hanamakonda

(اپنا ورنگل)

ہنمکنڈہ :

ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے منگل کے روز حلقہ اسمبلی میں شادی خانہ کی تعمیر کے لیے 0.25 گنٹہ اراضی کی الاٹمنٹ کا مکتوب مسلم مذہبی رہنماؤں اور معززین کے حوالے کیا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شادی خانہ کی تعمیر کے لیے موزوں مقام فراہم کرنے کے فیصلے کے تحت یہ اراضی الاٹ کی گئی ہے۔بعد ازاں رکن اسمبلی نے مسلم مذہبی رہنماؤں اور مقامی معززین کے ہمراہ الاٹ شدہ اراضی کا معائنہ کیا اور متبادل مقام کے انتخاب کی وجوہات سے واقف کروایا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ یہ فیصلہ مسلم برادری کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔اس موقع پر نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ شادی خانہ کے لیے پہلے بھی اراضی الاٹ کی گئی تھی، تاہم عہدیداروں نے اس مقام کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تعمیر کے سلسلے میں بعض تکنیکی دشواریوں کی نشاندہی کی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اراضی پر بھدرکالی مندر کے علاقے سے لائی گئی مٹی ڈالی گئی تھی، جس کے باعث وہاں عمارت تعمیر کرنے کی صورت میں بنیاد کے دھنس جانے کا خدشہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کو بہتر سہولتوں سے آراستہ شادی خانہ فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت نے متبادل مقام کی نشاندہی کا فیصلہ کیا۔رکن اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ بعض افراد اس مسئلے کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے یہ گمراہ کن دعوے کر رہے ہیں کہ کانگریس حکومت نے سابقہ اراضی کی الاٹمنٹ منسوخ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل حقائق سے واقف کروائے بغیر سیاسی مفادات کے لیے اقلیتی برادری کو گمراہ کرنا مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی الاٹ شدہ اراضی کا مذہبی رہنماؤں اور مقامی معززین کی موجودگی میں معائنہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سڑک تک رسائی، اراضی کی صورتحال اور مستقبل میں تعمیر کے لیے اس کی موزونیت کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا گیا۔نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ مذہبی رہنماؤں اور معززین کو ایسا مقام منتخب کرنے کے عمل میں شامل کیا گیا جو سب کے لیے قابل قبول ہو اور برادری کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کرسکے۔

اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کی زیر قیادت حکومت سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادی خانہ مسلم خاندانوں کے لیے شادی بیاہ اور دیگر سماجی تقریبات کے انعقاد میں سہولت فراہم کرے گا۔رکن اسمبلی نے یقین دلایا کہ وہ اس منصوبے کے لیے ضروری کارروائیوں کو جلد مکمل کرنے کے سلسلے میں متعلقہ عہدیداروں سے تال میل برقرار رکھیں گے۔

اس موقع پر قاضی پیٹ درگاہ کے سربراہ خسرو پاشاہ، ضلع لائبریری چیئرمین عزیز خان، ضلع کانگریس اقلیتی چیئرمین عزیز اللہ، سابق کارپوریٹرس ابوبکر، نسیم جہاں اور وجئے شری رجالی کے علاوہ انکوس، بابائی، مجاہد اور سامی سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ مسلم مذہبی رہنماؤں، مقامی معززین، عہدیداروں اور کانگریس پارٹی کے قائدین و کارکنوں نے بھی شرکت کی۔