Ban on wearing the burqa! Muslim community deeply upset over ‘Guru Aparajita 2026’ invitation in Warangal

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
تلنگانہ اسٹیٹ پرائیویٹ ٹیچرس یونین (TGSPTU) کی جانب سے 20 ستمبر کو صوبیداری، ہنمکنڈہ کے راگھویندر ا کنونشن ہال میں منعقد کیے جانے والے ’’گرو اپراجیتا 2026‘‘ ٹیچرس فلیسیٹیشن پروگرام کے دعوت نامے میں برقعہ سے متعلق جاری کردہ ہدایت پر مسلم کمیونٹی میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔پروگرام کے دعوت نامے میں واضح طور پر درج کیا گیا ہے کہ ’’وینیو اور پروگرام پروٹوکول کے مطابق ہال کے اندر برقعہ پہننے کی اجازت نہیں ہے‘‘ جبکہ خواتین کو اسکارف پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔

مسلم کمیونٹی کے افراد نے اس ہدایت پر سخت اعتراض کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کسی تعلیمی و سماجی پروگرام میں خواتین کے مذہبی لباس کے حوالے سے اس طرح کی پابندی عائد کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟مسلم کمیونٹی کے افراد کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں افسوس کی بات یہ بھی ہے کہ پروگرام کے منتظمین میں مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں اور پروگرام میں شرکت کرنے والے بیشتر مہمانوں کے بارے میں بھی بتایا جارہا ہے کہ وہ مسلم برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔
ایسے میں عوام کی جانب سے یہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ کیا پروگرام میں شرکت کرنے والے مسلم مہمانوں کو دعوت نامے میں درج برقعہ سے متعلق اس ہدایت کی اطلاع ہے؟ اگر اطلاع ہے تو کیا انہوں نے اس پر منتظمین سے وضاحت طلب کی ہے؟ اور اگر اس پابندی کا علم ہونے کے باوجود اسے نظر انداز کیا گیا تو اس کی وجہ کیا ہے؟عوامی حلقوں میں یہ سوال بھی زیر بحث ہے کہ اگر کسی مسلم خاتون مہمان یا ٹیچر کو برقعہ پہن کر پروگرام میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی تو وہ ایسی تقریب میں کس طرح شرکت کریں گی؟ مسلم خواتین کی مذہبی شناخت اور ان کے لباس کے احترام کے حوالے سے منتظمین کا موقف کیا ہے، اس کی بھی وضاحت سامنے آنی چاہیے۔
مسلم کمیونٹی کے افراد نے تلنگانہ اسٹیٹ پرائیویٹ ٹیچرس یونین کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ برقعہ سے متعلق متنازعہ ہدایت کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور اس معاملے پر مسلم خواتین اور مسلم کمیونٹی سے واضح طور پر معذرت کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اساتذہ کی خدمات کے اعتراف میں منعقد ہونے والی تقریب میں کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کو اپنی مذہبی شناخت یا لباس کے باعث غیر آرام دہ محسوس نہیں ہونا چاہیے۔
مسلم کمیونٹی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اور سماجی پروگراموں کا مقصد تمام طبقات کو عزت و احترام کے ساتھ ساتھ لے کر چلنا ہونا چاہیے۔ اس لیے منتظمین کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر فوری وضاحت پیش کرتے ہوئے پیدا ہونے والی بے چینی اور ناراضگی کو دور کریں۔
News Source : M.F. Baig Riaz

