Important Zoom conference with America on Warangal’s development and political situation

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
انڈین امریکنز فورم (IAF) کے زیرِ اہتمام سابق گورنمنٹ چیف وہپ و ورنگل ویسٹ کے سابق رکن اسمبلی داسیم وینے بھاسکر کے ساتھ امریکہ سے زوم کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ کانفرنس کی صدارت IAF کے گلوبل صدر ڈاکٹر جمیل نے کی۔ اس موقع پر وینے بھاسکر نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران کانگریس حکومت کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس حکومت کے دور کے مقابلے میں ورنگل میں بنیادی سہولتوں، تعلیم اور فلاحی پروگراموں کے شعبوں میں کوئی نمایاں پیش رفت نظر نہیں آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے دی گئی ضمانتیں بھی ابھی تک مکمل طور پر نافذ نہیں کی گئی ہیں۔وینے بھاسکر نے کہا کہ ورنگل میں آئی ٹی پارک، 24 منزلہ سپر اسپیشلٹی ہاسپٹل، کالوجی ہیلتھ یونیورسٹی، تعلیمی ادارے، پبلک گارڈنز اور کھیلوں کی سہولتوں سمیت کئی اہم ترقیاتی منصوبے بی آر ایس حکومت کے دور میں شروع کیے گئے تھے۔ ان کا الزام ہے کہ موجودہ حکومت کے دور میں ان منصوبوں پر کام کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 100 فٹ سڑک کا کام بھی گزشتہ ایک سال سے زیرِ التوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور میں ورنگل کو کلچرل، ایجوکیشن اور اسپورٹس ہب کے طور پر ترقی دینے کی کوشش کی گئی اور کالوجی ہیلتھ یونیورسٹی کے قیام سے سینکڑوں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آعظم جاہی ملز کو تلگودیشم اور کانگریس حکومتوں نے بند کیا، جبکہ بی آر ایس دور میں کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک قائم کیا گیا، تو کیا یہ بی آر ایس حکومت کی ترقی نہیں ہے؟
اپنے 30 سالہ سیاسی سفر کا ذکر کرتے ہوئے وینے بھاسکر نے کہا کہ ان کے خلاف آج تک کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ اور وہ ایک مکمل وقت کے سیاست دان کی حیثیت سے ہمیشہ عوام کے لیے دستیاب رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ثبوت کے ساتھ ان پر تنقید کرے تو وہ اس کا خیرمقدم کریں گے۔کانفرنس کے اختتام پر IAF کے گلوبل صدر ڈاکٹر جمیل نے اعلان کیا کہ فورم ریونت حکومت اور کانگریس کے خلاف بائیکاٹ کی مہم چلائے گا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت نام نہاد کانگریس کے طور پر کام کر رہی ہے اور بی آر ایس ارکان اسمبلی کو معطل کرتے ہوئے بی جے پی کو اپوزیشن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جس سے بالواسطہ طور پر بی جے پی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ IAF کی جانب سے تلنگانہ بھر میں عوامی رائے حاصل کرنے کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
IAF نے ورنگل ویسٹ کے موجودہ رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ گروپ سیاست کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور حکومت کی ضمانتوں پر عمل درآمد کے لیے توجہ مرکوز کریں اور عوام و این آر آئیز کے لیے دستیاب رہیں۔ فورم نے ان کی کارکردگی پر کھلی بحث کے لیے اپنا پلیٹ فارم پیش کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اسی طرح IAF نے وینے بھاسکر کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے اردگرد موجود گروپ کو ختم کرتے ہوئے براہِ راست عوام کے درمیان جائیں، عوامی مسائل کو سرگرمی سے اٹھائیں اور ووٹروں کے لیے دستیاب رہیں۔زوم کانفرنس میں بی آر ایس این آر آئی سیل کے سری نواس، امریکن فورم انڈیا کے صدر انیف شیخ،
جوائنٹ سکریٹری ایم اے نعیم، مڈل ایسٹ صدر نصیرالدین، اراکین ہریش، عبد الحمید، راجیش، آزاد سیاسی تجزیہ کار جگت گوڑ، محمد عبدلعلی زبیر، اشوک، رامو، اسماء ظہیر، ہریش، جگت کمار اور دیگر نے شرکت کی۔
News Source : M.A. Nayeem

