Special prayers for rain organized in Telangana

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
ریاست تلنگانہ میں خاطر خواہ بارش نہ ہونے کے باعث بارانِ رحمت کے لیے نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔ نماز سے قبل صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ حضرت مولانا شاہ سید احسان الدین رشادی قاسمی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بارش کی کمی ایک تشویش ناک صورتِ حال اختیار کرتی جارہی ہے۔
جس کے باعث زراعت، آبی ذخائر، معیشت اور عام زندگی کے مختلف شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔مولانا شاہ سید احسان الدین رشادی قاسمی نے کہا کہ ایسے حالات میں مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرتے ہوئے اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے۔
گناہوں سے سچی توبہ و استغفار کرتے ہوئے زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کی جائے اور اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی و انکساری کے ساتھ اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگی جائے۔
انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ توبہ و استغفار کے ساتھ صدقہ و خیرات، حقوق العباد کی ادائیگی اور نیک اعمال کا خصوصی اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارانِ رحمت کے لیے اجتماعی طور پر دعاؤں کا اہتمام کیا جائے اور اللہ تعالیٰ سے اپنے فضل و کرم کے ذریعے ریاست تلنگانہ سمیت پورے ملک کو نفع بخش اور رحمت والی بارش عطا فرمانے کی دعا کی جائے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

