A wrong decision took her life, the painful end of a woman who left her first husband for love

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
اپنی پسند کے شخص کی خاطر پہلے شوہر کو چھوڑ کر دوسری شادی کرنے والی ایک 23 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر دوسرے شوہر کی ہراسانی اور ذہنی اذیت سے تنگ آکر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ بنجارہ ہلز میں پیش آیا۔ بنجارہ ہلز ایس آئی وجئے کوٹور کے مطابق اناوارم کی رہنے والی ایم۔ راجیشوری (23) کی شادی 2023 میں موتیالاراؤ سے ہوئی تھی۔اسی سال اپریل میں شادی کے تقریباً ایک ماہ بعد راجیشوری کی فیس بک کے ذریعے بنجارہ ہلز کے اندرا نگر سے تعلق رکھنے والے انتٹی سائی کمار (28) سے شناسائی ہوئی، جو بعد میں محبت میں بدل گئی۔
جون 2023 میں سائی کمار راجیشوری کے گھر پہنچا اور اسے اپنے ساتھ اندرا نگر لے آیا، جہاں دونوں نے ساتھ رہنا شروع کردیا۔ تاہم، ایک ماہ بعد جولائی میں راجیشوری کے پہلے شوہر موتیالاراؤ نے آکر اسے واپس لے گیا۔اس کے بعد 13 اگست 2023 کو سائی کمار دوبارہ راجیشوری کو لینے گیا اور اسے حیدرآباد واپس لے آیا۔ 16 اگست 2023 کو سائی کمار نے راجیشوری کے گلے میں منگل سوتر باندھ کر اس سے شادی کرلی۔ اس وقت سے دونوں ساتھ رہ رہے تھے۔ راجیشوری ایک زیورات کی دکان میں سیلز گرل کے طور پر کام کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ چار پانچ ماہ سے راجیشوری انسٹاگرام پر ایک اور نوجوان سے چیٹنگ کرنے کے ساتھ فون پر بھی بات کر رہی تھی، جس کا سائی کمار کو علم ہوگیا۔ اس معاملے پر دونوں کے درمیان اختلافات شروع ہوگئے اور اکثر جھگڑے ہونے لگے۔ 25 اگست کی صبح بھی دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا۔ سائی کمار نے شبہ کی بنیاد پر راجیشوری کو مبینہ طور پر گالیاں دیں اور اسے شدید ہراساں کرتے ہوئے ذہنی اذیت دی۔ بعد ازاں دونوں اپنے اپنے کام پر چلے گئے۔
رات تقریباً 9 بجے دونوں ڈیوٹی ختم کرکے گھر واپس آئے تو دوبارہ جھگڑا ہوا۔ اس دوران شبہ اور بے عزتی برداشت نہ کرتے ہوئے راجیشوری باتھ روم میں چلی گئی اور شاور کے ہک سے پھانسی لگا لی۔ تقریباً ایک گھنٹے تک وہ باہر نہیں آئی تو سائی کمار نے باتھ روم کا دروازہ توڑ کر اندر دیکھا، جہاں راجیشوری شاور کے ہک سے لٹکی ہوئی تھی۔سائی کمار نے فوری طور پر اسے گاندھی اسپتال منتقل کیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔
متوفیہ کی والدہ ستیہ وتی کی شکایت پر بنجارہ ہلز پولیس نے سائی کمار کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے اتوار کے روز اسے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
News Source : Agency

