ورنگل میں گانجہ اسمگلنگ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب،1.25 کروڑ کا گانجہ ضبط، اسمگلر گرفتار۔

A large network of ganja smuggling was exposed in Warangal, ganja worth Rs 1.25 crore was seized, smuggler was arrested

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

نوجوانوں کو منشیات کا عادی بننے سے روکنے، ان کے روشن مستقبل کو محفوظ رکھنے اور گانجہ و دیگر منشیات کی فروخت پر قابو پانے کے مقصد سے ورنگل پولیس کمشنریٹ کے تحت پولیس کی جانب سے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ گانجہ سے پاک معاشرے کے قیام کے مقصد سے ایسٹ زون ڈی سی پی انکیت کمار کی نگرانی میں دامیرا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین ریاستی گانجہ اسمگلنگ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کی پوچھ گچھ میں گانجہ کی خرید و فروخت سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔گرفتار شخص کی شناخت 55 سالہ مودی گونڈا ناگیشور راؤ، ساکن پولوکرتی گاؤں، دامیرا منڈل، ہنمکنڈہ ضلع کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم آسانی سے رقم کمانے کے مقصد سے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے ریاست اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والے رمیش اور سدھاکر سے کم قیمت پر گانجہ خریدتا تھا اور اسے تلنگانہ، مہاراشٹرا، کرناٹک اور آندھرا پردیش ریاستوں میں اُردو، رام داس شیش راؤ بیرا دار، اکلیم، شارخ خان، شیخ اکبر اور نوناؤت راجو کے ذریعے زیادہ قیمت پر فروخت کرتا تھا۔

ملزم کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے اس کے مکان سے تقریباً 1 کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کا 251 کلو گانجہ ضبط کیا۔ اس کے علاوہ ایک دو پہیہ گاڑی، 9 ہزار روپے نقد رقم اور ایک سیل فون بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ناگیشور راؤ سے گانجہ خریدنے والے دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

تلنگانہ پولیس محکمہ منشیات کی غیر قانونی منتقلی اور استعمال کے خلاف سخت کارروائی کر رہا ہے۔ خاص طور پر نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے کے ساتھ ساتھ منشیات فروخت کرنے والوں پر بھی خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کے خاتمے کے لیے اپنا تعاون فراہم کریں اور اگر کوئی شخص گانجہ فروخت یا استعمال کرتا ہوا نظر آئے تو فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دیں۔

گانجہ اسمگلر کو گرفتار کرنے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پرکال اے سی پی ستیش بابو، شایم پیٹ سرکل انسپکٹر سدھاکر ریڈی، آتماکور انسپکٹر سنتوش، دامیرا ایس آئی ویربھدرا راؤ، شایم پیٹ ایس آئی پرمیشور، پرکال ایس آئی رگھوپتی، اے اے او سلمان پاشا اور دامیرا و شایم پیٹ کے کانسٹیبلس کی پولیس حکام نے ستائش کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz