Cricket fans in Warangal celebrated India’s stunning victory in the Asia Cup final.
(اپنا ورنگل)
بھارت نے اپنے دیرینہ حریف پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کرلیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم بھارتی گیندبازوں کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور 19.1 اوورز میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کے اوپنر صاحب زادہ فرحان نے 57 اور فخر زمان نے 46 رنز بنائے، لیکن اسپنرز کی شاندار بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ کلدیپ یادیو نے صرف ایک اوور میں تین وکٹیں لے کر پاکستان کی بیٹنگ لائن کو ہلا دیا اور مجموعی طور پر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ورون چکرورتی، اکشر پٹیل اور بومرہ نے دو، دو وکٹیں لیں۔
جواب میں بھارت کا آغاز مایوس کن رہا۔ محض 25 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ لیکن نوجوان بلے باز تلک ورما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ ان کا ساتھ شیوَم دوبے نے دیا جنہوں نے 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے شراکت داری کے ذریعے ٹیم کو بحران سے نکالا۔
بھارت نے مقررہ نشانہ 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ آخری اوور میں رنکو سنگھ نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارت نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ بڑے میچوں میں اس کی کارکردگی شاندار رہتی ہے، جبکہ پاکستان کے بیٹسمین دباؤ میں آکر اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔
فائنل میں بھارت کی شاندار کامیابی کے بعد پورے ملک میں جشن منایا گیا۔ خاص طور پر ورنگل کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں نے پٹاخے جلا کر مٹھائی تقسیم کی۔ پوچما میدان سرکل پر نوجوانوں نے جمع ہوکر خوشیاں مناتے ہوئے ایک دوسرے کو مارکباد پیش کی۔
News Source : Agency


