ریاستی اطلاعاتی کمیشن کی جانب سے اوٹکور تحصیلدار اور نارائن پیٹ آر ڈی او کو نوٹس

State Information Commission issues notice to Utkoor Tahsildar and Narayanpet RDO

(اپنا ورنگل)

اوٹکور:

نارائن پیٹ ضلع کے اوٹکور منڈل میں ممنوعہ فہرست میں شامل ، بنجارہ اراضی، وقف اراضی اور انعام اراضی سے متعلق تفصیلات فراہم نہ کرنے پر ریاستی اطلاعاتی کمیشن سے رجوع کیا گیا۔ اس معاملے میں تلنگانہ ریاستی اطلاعاتی کمیشن نے اوٹکور منڈل کے تحصیلدار اور نارائن پیٹ آر ڈی او کو نوٹس جاری کیے ہیں۔حقِ اطلاعات قانون 2005 کے تحفظ کی متحدہ جدوجہد کمیٹی، متحدہ محبوب نگر ضلع کے صدر کونینٹی نرسیمولو نے جمعرات کو دوپہر اوٹکور منڈل مرکز میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی۔

انہوں نے کہا کہ سال 2020 سے اوٹکور منڈل کے تمام مواضعات میں ممنوعہ فہرست کی اراضی، اسائنڈ لینڈ، بنجارہ اراضی، وقف اور انعام اراضی سے متعلق کتنے کسانوں کو پٹہ دیا گیا، پٹوں کے لیے کتنے کسانوں نے درخواستیں دی ہیں، گاؤں وار تفصیلات کیا ہیں، نیز ایک اور دو گنٹہ اراضی کتنے کسانوں کو پٹہ دی گئی، اس کے علاوہ پٹہ پاس بک جاری کرنے سے متعلق حکومتی قواعد و ضوابط کیا ہیں، اس بارے میں معلومات طلب کی گئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 21 اگست 2025 کو اوٹکور تحصیلدار کو حقِ اطلاعات قانون کے تحت درخواست دی گئی تھی، لیکن مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

بعد ازاں 20 جنوری 2026 کو اپیل دائر کی گئی، تاہم آر ڈی او دفتر کی جانب سے صرف خطوط کے ذریعے جواب دیا گیا اور مکمل معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔اس کے بعد قانون کے مطابق ریاستی اطلاعاتی کمیشن سے رجوع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے کی 17 اگست 2026 کو صبح 10:30 بجے سماعت مقرر کی گئی ہے۔

سماعت کے سلسلے میں نارائن پیٹ ضلع آر ڈی او اور اوٹکور منڈل تحصیلدار کو تلنگانہ ریاستی اطلاعاتی کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔کونینٹی نرسیمولو نے مطالبہ کیا کہ اراضی کے ریکارڈ، پٹوں کی منظوری، موصولہ درخواستوں اور حکومت کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد سے متعلق مکمل معلومات حقِ اطلاعات قانون کے تحت فراہم کی جائیں۔

News Source : Mohd. Ashfaq