مجتبی ہیلپنگ فاؤنڈیشن اور جمعیۃ علماء کے اشتراک سے تانڈور میں کامیاب ہیلتھ کیمپ۔

Successful health camp in Tandoor in collaboration with Mujtaba Helping Foundation and Jamiat Ulema

(اپنا ورنگل)

وقارآباد :

جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد اور مجتبی ہیلپنگ فاؤنڈیشن، حیدرآباد کے اشتراک سے اتوار کے روز وائٹ پیالس فنکشن ہال، تانڈور میں ایک خصوصی مفت ہیلتھ کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کرتے ہوئے گردوں، پھیپھڑوں اور دل سے متعلق مختلف بیماریوں کی مفت اسکریننگ اور طبی معائنے کی سہولت حاصل کی۔منتظمین کے مطابق تانڈور اور اطراف کے علاقوں میں گردوں اور پھیپھڑوں کے امراض میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی طبی کیمپوں سے ہٹ کر ایسے امراض کی تشخیص پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت طبی رہنمائی اور ابتدائی تشخیص فراہم کی جا سکے۔اس طبی کیمپ سے تانڈور اسمبلی حلقہ کے تمام منڈلات کے علاوہ کوڑنگل، دولت آباد، بمرس پیٹ اور مرپلی سمیت مختلف علاقوں سے آئے ہوئے مرد و خواتین نے بھرپور استفادہ کیا۔

صبح سے شام تک مریضوں کی بڑی تعداد موجود رہی اور طبی ٹیم نے منظم انداز میں تمام افراد کا معائنہ کیا۔کیمپ میں انٹگرو ہاسپٹل کے مالک ڈاکٹر محمد فیض اللہ خان اور کنسٹن ہاسپٹل کے مالک ڈاکٹر محمد فیصل خان اپنی طبی ٹیم کے ہمراہ موجود رہے۔ ڈاکٹروں نے مریضوں کے مختلف ٹیسٹ اور اسکریننگ انجام دیتے ہوئے انہیں ضروری طبی مشورے بھی دیے۔ شرکاء کی غیر معمولی تعداد کے باوجود طبی عملہ نے خوش اسلوبی، صبر اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔

یہ ہیلتھ کیمپ جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے صدر مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر قائد جمعیۃ حافظ پیر خلیق احمد صابر، مفتی معراج الدین ابرار (سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ)، سرینواس ریڈی، ضلع وقارآباد کے میناریٹی چیئرمین خواجہ صلاح الدین عامر، نائب چیئرمین بلدیہ تانڈور عبدالرزاق، طاہر قریشی، حافظ محمد یوسف (خازن جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد، کوڑنگل)، عبدالرؤف اور مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن کے صدر سید کمال اطہر سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ تانڈور اور اطراف کے عوام کے لیے اس نوعیت کے خصوصی طبی کیمپ وقت کی اہم ضرورت تھے، جسے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے محسوس کرتے ہوئے قابلِ ستائش اقدام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبے میں اس طرح کی خدمات معاشرے کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتی ہیں۔مجتبی ہیلپنگ فاؤنڈیشن کے بانی و جنرل سیکریٹری شیخ محمد مصطفیٰ اور ان کی پوری ٹیم نے کیمپ کے انتظامات، رجسٹریشن، رہنمائی اور دیگر امور کو خوش اسلوبی سے انجام دیا، جس پر شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا۔

عوامی صحت کے فروغ اور بروقت طبی تشخیص کے مقصد سے منعقد کیا گیا یہ ہیلتھ کیمپ تانڈور اور اطراف کے علاقوں کے لیے ایک اہم اور مفید اقدام ثابت ہوا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے مفت طبی کیمپ منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔صبح 10 بجے شروع ہونے والا یہ ہیلتھ کیمپ شام 5 بجے اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے ڈاکٹروں اور طبی ٹیم کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں یادگاری مومنٹو پیش کیے گئے۔

News Source : M.F. Baig Riaz