بارش نہ ہونے سے کپاس کے کسان شدید تشویش میں۔

Cotton farmers are worried due to lack of rain

(اپنا ورنگل)

اوٹکور :

مون سون سیزن شروع ہونے کے باوجود خاطر خواہ بارش نہ ہونے سے نارائن پیٹ ضلع کے اوٹکور منڈل میں کپاس کے کسان شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ بارش کی کمی کے باعث کپاس کی فصلیں مرجھانے لگی ہیں، جس کے پیش نظر کسان بورویلوں کے ذریعے اسپرنکلر اور پائپ لائنوں سے آبپاشی کر کے فصلوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نڈوگورتی، لکشمی پلی، اوٹکور اور تپّراس پلی سمیت کئی دیہات میں یہی صورتحال برقرار ہے۔ بارش کی امید میں کسان خصوصی دعائیں اور مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں، تاہم بارش نہ ہونے سے مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔منڈل زرعی افسر گنیش ریڈی، کے مطابق اس سال اوٹکور منڈل میں تقریباً 42 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت کی گئی ہے۔

انہوں نے کسانوں کو پانی کا محتاط استعمال کرنے، زیادہ پانی استعمال کرنے والی دھان کی فصل کم کرنے اور مونگ، اُڑد، جوار، اور راگی، جیسی کم پانی والی فصلوں کی کاشت پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ زرعی محکمہ نے کسانوں کو موسمی حالات پر نظر رکھتے ہوئے سائنسی طریقوں سے فصلوں کی دیکھ بھال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ادھر کسان اچھی بارش کی امید میں دعا گو ہیں تاکہ ان کی فصلیں تباہ ہونے سے بچ سکیں۔

News Source : Mohd. Ashfaq