ورنگل میں ووٹر فہرست نظرِ ثانی مہم پر جمعیت علماء کا عظیم الشان مشاورتی اجلاس۔

Jamiat Ulema holds grand consultative meeting on voter list revision campaign in Warangal

(اپنا ورنگل)

ورنگل :
 جمعیت علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام خصوصی ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی (S.I.R) مہم کے سلسلے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے مسجد عالمگیر، پدماکشی گٹہ، ہنمکنڈہ میں ایک عظیم الشان مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت جمعیتہ علماء ضلع ورنگل کے صدر حضرت مولانا سید ایوب قاسمی نے کی، جبکہ جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی محمد زبیر قاسمی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

اجلاس میں ضلع بھر کے علماء کرام، ائمۂ مساجد، مساجد کے صدور و معتمدین، دینی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، وکلاء، جمعیتہ علماء کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے خصوصی ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ووٹر فہرست میں نام کا اندراج ہر شہری کا بنیادی آئینی اور جمہوری حق ہے، لہٰذا تمام اہل ووٹرز کو چاہیے کہ وہ اپنے نام اور متعلقہ دستاویزات کی بروقت جانچ کریں۔ اپنے خطاب میں مولانا مفتی محمد زبیر قاسمی نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے دوران عوام سرکاری عملے سے مکمل تعاون کریں اور مطلوبہ معلومات بروقت فراہم کریں تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے علماء، ائمۂ مساجد اور سماجی ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبات، دینی اجتماعات اور محلوں میں عوام تک اس مہم سے متعلق صحیح اور مستند معلومات پہنچائیں۔صدرِ اجلاس مولانا سید ایوب قاسمی نے کہا کہ جمعیتہ علماء ہمیشہ ملت کے دینی، سماجی، آئینی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم رہی ہے، اور موجودہ حالات میں ووٹر بیداری ایک اہم قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔

اجلاس کے دوران سوال و جواب کی خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں معروف قانون داں ایڈوکیٹ عبدالخلیل ربانی نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک شرکاء کے مختلف قانونی اور آئینی سوالات کے مدلل اور اطمینان بخش جوابات دیے، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ پروگرام کی نظامت مولانا منور حسین نے انجام دی، جبکہ مجموعی نگرانی حافظ عبدالمقیت نے کی۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ گھر گھر پہنچ کر عوام میں ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی سے متعلق شعور بیدار کریں گے اور ہر اہل شہری کو اس کے آئینی و جمہوری حق کے تحفظ کے لیے رہنمائی فراہم کریں گے۔

News Source : M.F. Baig Riaz