Memorial gathering held successfully in Warangal, tributes paid to late poets and writers

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام شہر کی ادبی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے ایک پُروقار "جلسئہ یادِ رفتگاں” کا انعقاد عمل میں آیا۔ 13 جون 2026 بروز دوسرا ہفتہ شام 7 بجے اسلامک انفارمیشن سنٹر، رائے پورہ، ہنمکنڈہ میں منعقدہ اس یادگار تقریب میں شہر کے نامور مرحوم شعراء، ادباء اور مصنفین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر محمد بہادر علی، مؤظف پرنسپل اسلامیہ ڈگری کالج ورنگل نے فرمائی۔
مہمانانِ خصوصی میں ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر مینارٹی انٹلکچول فورم ورنگل، جناب وہاج الحق سابق امیر مقامی ہنمکنڈہ جماعت اسلامی ہند، صحافی نصر اللہ خان حیدرآباد اور جناب سید دستگیر سابق صدر ایم پی جے شامل تھے۔پروگرام کا آغاز جناب وہاج الحق کی تلاوتِ قرآن پاک اور ترجمہ سے ہوا۔ جناب معشوق صاحب نے حمد باری تعالٰی اور سید رضوان علی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کا نذرانہ پیش کیا۔
اس موقع پر بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر بشیر بدر کے سانحئہ ارتحال پر تحریک قلم ورنگل کی جانب سے تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔ ان کی گراں قدر ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلٰی مقام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
جلسے کے دوسرے حصے میں ورنگل کے درج ذیل مرحوم شعراء و ادباء کے فن، شخصیت اور ادبی خدمات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی: ڈاکٹر عزیز احمد عرسی، جناب نادر اسلوبی، جناب علی الدین گوہر، جناب خواجہ بے خود، جناب تاج مضطر، جناب اجمل محسن، ڈاکٹر فضل جاوید اور جناب صابر کاغذ نگری۔ اس پُروقار محفل میں مرحوم فن کاروں کے رشتے دار، دوست احباب اور ادبی حلقوں سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد شریک تھی۔
جناب داود اسلوبی، جناب افضل علی شاہ، جناب مبین احمد زخم گلبرگہ، حمید عکسی، محترمہ نعیمہ گوہر، جناب نصر اللہ خان، جناب تاج تنویر تاج کریم نگر، جناب سافر الدین کریم نگر، جناب مسود مرزا محشر، ڈاکٹر عزیز سلیم، جناب امیر الدین امیر، ناصر واحدی، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، ڈاکٹر شجیع اکبر اور جناب خواجہ کیفی سمیت متعدد مقررین نے اپنے پسندیدہ شعراء و ادباء کو منظوم و منثور نذرانئہ عقیدت پیش کیا۔
صدارتی خطاب میں ڈاکٹر بہادر علی نے تمام مرحوم شعراء و ادباء کی ادبی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور نئی نسل کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کی۔ اختتام پر جناب سید دستگیر نے تمام مرحومین کے حق میں خصوصی دعا فرمائی۔تقریب کے ناظم ڈاکٹر عزیز سلیم تھے جبکہ صدر تحریک قلم ورنگل جناب ناصر واحدی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا ہدیئہ تشکر پیش کیا۔
اس منفرد اور کامیاب جلسے کے انعقاد پر ادبی حلقوں نے تحریک قلم ورنگل کی کاوشوں کو سراہا۔
News Source : M.F. Baig Riaz

