محرم کے انتظامات مکمل اور منظم انداز میں کیے جائیں: ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا

Moharram arrangements should be made in a complete and organized manner: Warangal District Collector Dr. Satya Sharadha

(اپنا ورنگل)

ورنگل :
ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی ہے کہ محرم کے موقع پر تمام انتظامات بروقت اور منظم انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ مذہبی تقریبات پرامن اور باوقار ماحول میں منعقد ہوں۔پیر کے روز ضلع کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں محرم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ تمام محکمے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ جلوس کے راستوں پر صفائی، پینے کے پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس، بلا تعطل برقی سپلائی، طبی کیمپوں کے قیام، فائر سیفٹی انتظامات اور ٹریفک کنٹرول جیسے تمام ضروری اقدامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔ضلع کلکٹر نے مذہبی رہنماؤں کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی بھی ہدایت دی۔

انہوں نے پولیس حکام کو تاکید کی کہ محرم کے دوران امن و امان کی برقراری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور جلوسوں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر پرامن طور پر منعقد ہو۔اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر وائی وی گنیش، ڈی آر او وجیا لکشمی، ضلع اقلیتی بہبود افسر ٹی رمیش، مختلف محکموں کے افسران اور مسلم مذہبی رہنما شریک تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz