Fencing and construction work begins on the premises of "Masjid Ahmed B. Sahiba” inYellandu Mandal of Kothagudem District

(اپنا ورنگل)
کوتھاگودیم :
ضلع کوتھاگودیم کے ایلندو منڈل کے گاؤں مکندا پور میں نئی مسجد "احمد بی صاحبہ” کے احاطے کی حصار بندی اور تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا۔ یہ مسجد نہ صرف قریبی پانچ دیہاتوں کے رہائشیوں کے لیے عبادت گاہ کا کام دے گی بلکہ قومی شاہراہ پر واقع ہونے کی وجہ سے مسافروں کو بھی نماز کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرے گی۔ ایلندو منڈل سے تقریباً 7 کلو میٹر دور واقع مکندا پور، چلا سمدرم، نظام پیٹ اور دیگر دیہاتوں میں کوئی مسجد موجود نہیں تھی۔
ان گاؤں کے غریب مسلم خاندانوں کو نماز کی ادائیگی کے لیے 7 کلومیٹر کا سفر طے کرکے ایلندو منڈل جانا پڑتا تھا۔ روزانہ کی مزدوری پر گزر بسر کرنے والے ان غریب افراد کے لیے یہ سفر کافی دشوار تھا۔ مسجد نہ ہونے کے باعث بچوں کی دینی تعلیم کا سلسلہ بھی متاثر تھا اور انہیں آن لائن کلاسوں کا سہارا لینا پڑ رہا تھا۔ معاشی تنگی کے باعث ان دیہات کے لوگوں کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت مسجد تعمیر کرنا ناممکن محسوس ہو رہا تھا۔
گھر کے روزمرہ اخراجات پورے کرنا ہی ان کے لیے بڑا چیلنج تھا۔ گاؤں کے مستحق افراد نے اپنی پریشانی لے کر جناب محمد معصوم علی صاحب سے ملاقات کی اور انہیں تمام حالات سے آگاہ کیا۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے معصوم علی صاحب نے محمد اسماعیل ذبیح نمایندہ روزنامہ سیاست و سیاست ٹی وی، مولوی مرزا اسماعیل بیگ اور محمد قیوم کے ہمراہ مکندا پور کا دورہ کیا۔
دورے کے فوری بعد محمد معصوم علی صاحب نے اپنی مرحوم والدہ محترمہ احمد بی صاحبہ کے نام سے مسجد تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ مسجد کے تمام تعمیراتی اخراجات جناب محمد معصوم علی صاحب خود برداشت کریں گے۔ واضح رہے کہ معصوم علی صاحب اپنی والدہ احمد بی صاحبہ کے نام سے فلاحی کاموں کی تنظیم بھی چلا رہے ہیں۔
جیسے ہی مسجد کے احاطے کی حصار بندی اور تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا، گاؤں کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مسجد کے بننے سے ان کی سالوں پرانی مشکل آسان ہو جائے گی اور ان کے بچے اب گاؤں میں ہی دینی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ اہلِ علاقہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد معصوم علی صاحب کی اس نیک کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔
انہیں، ان کی اہلیہ اور بچوں کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے۔ انہیں دینی و دنیاوی کامیابیاں نصیب ہوں اور ان کے مرحوم والدین کو اس کارِ خیر کا اجرِ عظیم عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
News Source : M.A. Ismail Zabi

