A memorial service for the departed was organized by the Tahreek-e-Qalam Warangal on Saturday in Hanamkonda

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
ادبی تنظیم تحریک قلم ورنگل کے زیر اہتمام مرحوم شعراء، ادباء اور مصنفین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منفرد ادبی نشست "جلسئہ یاد رفتگان” کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ جلسہ ان شاء اللہ بروز ہفتہ، 13 جون 2026 کو دوسرے ہفتہ کی مناسبت سے شام 7 بجے اسلامک انفارمیشن سنٹر، رائے پورہ، ہنمکنڈہ میں منعقد ہوگا۔ جلسے کی صدارت اسلامیہ ڈگری کالج ورنگل کے مؤظف پرنسپال ڈاکٹر بہادر علی صاحب فرمائیں گے۔
مہمانان خصوصی میں ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر مینارٹی انٹیلکچویل فورم و شانتی سنگھم ورنگل، ڈاکٹر رحیم رامش صاحب کاغذ نگر، اور جناب وہاج الحق صاحب سابق امیر مقامی ہنمکنڈہ جماعت اسلامی ہند شامل ہیں۔تحریک قلم ورنگل کے منتظمین کے مطابق مشاعرے تو ہوتے رہتے ہیں، مگر یہ محفل اپنی نوعیت میں منفرد ہوگی۔
اس کا مقصد ان ہر دلعزیز فنکاروں کے ساتھ گزارے ہوئے خوبصورت لمحوں کی یاد تازہ کرنا ہے جو اس فانی دنیا سے رخصت ہو کر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ جلسے میں ان شعراء، ادباء اور مصنفین کے حق میں دعائے مغفرت کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا جو طویل عرصے تک ہماری ادبی محفلوں کی روح رواں رہے۔ وقت کی تنگی کے باعث اس جلسے کو درج ذیل آٹھ مرحوم فنکاروں تک محدود رکھا گیا ہے۔
جن میں ڈاکٹر عزیز احمد عرسی، جناب نادر اسلوبی، جناب علی الدین گوہر، جناب خواجہ بے خود، جناب تاج مضطر، جناب اجمل محسن، ڈاکٹر فضل جاوید اور جناب صابر کاغذ نگری ہیں۔ تمام شعراء، ادباء، مصنفین، باذوق اور معزز سامعین سے التماس ہے کہ اس منفرد محفل میں شرکت فرما کر اسے یادگار بنائیں۔ جلسہ میں اظہار خیال کے خواہشمند احباب اس فون نمبر پر رابطہ کریں: 9866574084۔
News Source : M.f. Baig Riaz

