تعلیمی اداروں کے قریب تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والوں کو قید کا سامنا:ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ

Selling tobacco products near educational institutions will face imprisonment: Warangal Police Commissioner Sanpreet Singh

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ورنگل پولیس کمشنر سنپریت سنگھ، آئی پی ایس نے خبردار کیا ہے کہ اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے اطراف تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور انہیں قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز کے پیش نظر ورنگل پولیس کمشنریٹ حدود میں "آپریشن سیف اسکول” کے تحت خصوصی مہم جاری ہے۔

اس مہم کا مقصد طلبہ کو گٹکا، سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات سے دور رکھنا اور تعلیمی اداروں کے اطراف کو "تمباکو سے پاک زون” بنانا ہے۔پولیس کمشنر نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اسی مقصد کے تحت اسکولوں اور کالجوں کے قریب موجود دکانوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ نابالغ طلبہ کو تمباکو مصنوعات کی فروخت روکی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں کے قریب تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف سگریٹس اینڈ ادر ٹوبیکو پروڈکٹس ایکٹ (COTPA)، 2003 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ نابالغوں کو تمباکو مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف جووینائل جسٹس ایکٹ، 2015 کی دفعہ 77 کے تحت بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔

اس موقع پر تمباکو مصنوعات کی فروخت پر پابندی سے متعلق عوامی آگاہی پوسٹر بھی جاری کیا گیا۔ پولیس نے عوام اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ ایسی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر مقامی پولیس یا ڈائل 100 پر دیں۔ پولیس کے مطابق اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔اس پروگرام میں اسپیشل برانچ کے اے سی پی جتیندر ریڈی، سی سی آر بی اے سی پی ڈیوڈ راجو، ٹریفک انسپکٹر سجتا اور اے ایس آئی راجندر پرساد سمیت دیگر افسران شریک تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz