Umang 2026 grandly held in Warangal, 40 SSC toppers Felicitated and given career guidance: Address by Aamir Ali Khan, Dr. Anees Ahmed Siddiqui and others
(اپنا ورنگل)
ورنگل:
اسلامک انفارمیشن سنٹر، پوچمّا میدان ورنگل میں "امنگ 2026” کے عنوان سے کریئر گائیڈنس کم ایس ایس سی اسکول ٹاپرس ایوارڈ فنکشن کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ پروگرام معروف صحافی جناب اسماعیل ذبیح سیاست ڈیلی و سیاست ٹی وی) کی جانب سے منعقد کیا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں بہتر مستقبل کے لیے مؤثر کریئر رہنمائی فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر 40 ایس ایس سی ٹاپرس کو منتظمین کی جانب سے مہمان خصوصی جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سیاست ٹی وی کے ہاتھوں ایوارڈس اور تہنیت پیش کی گئی، جس پر طلبہ اور ان کے سرپرستوں نے مسرت کا اظہار کیا۔ اس تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی جناب عامر علی خان صاحب، نیوز ایڈیٹر سیاست ڈیلی و سیاست ٹی وی شرکت کی اور اپنے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ صرف امتحانات میں کامیابی تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنی زندگی کا واضح مقصد متعین کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم، ہنر مندی اور مثبت سوچ کے ذریعے اپنے مستقبل کو روشن بنانا ہوگا اور معاشرے کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

بطور مہمان اعزازی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صاحب نے کہا کہ آج کے طلبہ ہی کل کے معمار ہیں اور انہی کے ہاتھوں قوم و ملت کا مستقبل وابستہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، دیانت داری اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی تاکہ وہ اپنے والدین، اساتذہ اور سماج کا نام روشن کرسکیں۔ ایک اور مہمانِ اعزاز جناب محمد معصوم علی نے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم صرف امیروں کے لیے نہیں بلکہ ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنی زندگی میں تعلیم کو اولین ترجیح دینی چاہیے، چاہے ہمیں آسائشوں میں کمی کرنی پڑے۔ اگر ہمیں تین وقت کے بجائے دو وقت کھانا کھانا پڑے اور سادہ زندگی گزارنی پڑے تو بھی کوئی حرج نہیں، لیکن تعلیم کو ہمیشہ پہلی ترجیح دینی چاہیے کیونکہ یہی قوموں کی ترقی کا اصل راستہ ہے۔اس موقع پر دیگر مہمانانِ اعزازی میں جناب مرزا قمر علی بیگ، جناب عبد القیوم، جناب محمد اقبال، جناب محمد نصیر الدین، جناب سید سبحان الدین، جناب محمد محمود، محمد رضوان اور جناب مرزا امیر علی بیگ شامل تھے۔

تقریب کے دوران تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (TUWJU) ضلع ورنگل کے کنوینر جناب ایم۔ فتح اللہ بیگ ریاض کو اردو صحافیوں کی نمائندگی، ان کے مسائل کے حل اور صحافتی خدمات کے اعتراف میں مہمانِ خصوصی جناب عامر علی خان صاحب کے ہاتھوں تہنیت و شال پوشی سے نوازا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے اردو صحافیوں کو درپیش موجودہ مسائل اور مشکلات پر مشتمل ایک یادداشت بھی پیش کی، جس میں اردو صحافیوں کے حقوق، سہولیات اور سرکاری سطح پر درپیش مسائل کے حل کا مطالبہ کیا گیا۔

پروگرام کے اختتام پر منتظمین نے تمام مہمانوں، طلبہ، والدین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں طلبہ، والدین، اساتذہ اور معزز شہریوں نے شرکت کرکے اس پروگرام کو بے حد کامیاب اور یادگار بنا دیا۔ حاضرین نے ایسے تعلیمی اور رہنمائی پروگراموں کے انعقاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

News Source : M.F. Baig Riaz

