Attempted kidnapping and murder on a bribe of Rs 5,000 in Warangal, 5 accused arrested

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
ورنگل ملز کالونی کے حدود میں پیش آئے ایک سنسنی خیز اغوا اور قتل کی کوشش کے معاملہ کو پولیس نے محض 24 گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اس واردات میں استعمال ہونے والا آٹو اور موبائل فون بھی ضبط کر لیے ہیں۔پولیس کے مطابق رائیلمّا نامی خاتون نے اس شبہ میں کہ سیریش نے جادو ٹونے کے ذریعہ اس کی بیٹی کو نقصان پہنچایا ہے، اس پر حملہ کروانے کی سازش رچی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے صرف پانچ ہزار روپے کی سپاری دے کر یہ جرم انجام دلوانے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے سیریش کو ایک کرانہ دکان کے قریب سے زبردستی موٹر سائیکل پر بٹھا کر اغوا کیا اور اسے کوٹی لنگالا مندر کے قریب لے جا کر بڑے پتھر سے بے دردی سے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے اسے پتھروں سے مارا اور لاتوں سے بھی پیٹا، حتیٰ کہ وہ بے ہوش ہو گیا۔حیرت انگیز طور پر ملزمان نے اس پورے واقعہ کو اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کیا اور اس عمل سے سفاکانہ خوشی حاصل کی۔
بعد ازاں سیریش کو مردہ سمجھ کر ایک آٹو میں ڈال کر ان کے ہی علاقے کی گلی میں پھینک دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مرکزی ملزمان کلیان اور رائیلمّا کے خلاف پہلے بھی اینومامولا اور گیس گونڈا پولیس اسٹیشنوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
News Source : M.F. Baig Riaz


