Indian Americans Forum in Warangal hosts Iftar party, announces scholarships for deserving students

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
انڈین امریکنز فورم (IAF) کی جانب سے 15چاربائولی میں واقع نوبل فنکشن ہال ورنگل میں ایک افطار پارٹی اور اسکول کے طلبہ میں اسکالرشپ تقسیم کرنے کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس تقریب میں ورنگل میونسپل کارپوریشن ڈپٹی میئر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ پروگرام کی صدارت انڈین امریکنز فورم کے گلوبل صدر ڈاکٹر محمد جمیل نے کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد جمیل نے انڈین امریکنز فورم کے وژن اور مقاصد پر روشنی ڈالی اور حاضرین کو اس تنظیم کا حصہ بننے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال شروع کی گئی کمیونٹی افطار کی روایت گنگا جمنی تہذیب کی بہترین مثال ہے، جس کے ذریعے مختلف طبقوں کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کا موقع ملا۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے پروگراموں میں ماہرینِ تعلیم، صحافیوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان سمیت معاشرے کی نمایاں شخصیات شریک ہوتی ہیں اور فورم کی سرگرمیوں سے آگاہی حاصل کرتی ہیں۔ڈاکٹر جمیل نے اس موقع پر انڈین امریکنز فورم کی جانب سے شروع کی گئی ایک نئی پہل کا بھی ذکر کیا جس کے تحت مستحق اقلیتی طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کی جا رہی ہے تاکہ تعلیم کے فروغ میں مدد مل سکے۔
یہ پروگرام فورم کے جوائنٹ سیکریٹری محمد عبدالنعیم کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ انہوں نے اپنے خطاب میںمزید کہا کہ این آر آئی تنظیمیں جیسے انڈین امریکنز فورم نہ صرف اپنے وطن کے لیے فکری اور سماجی رہنمائی فراہم کرتی ہیں بلکہ فلاحی اور سماجی خدمات کے ذریعے بھی اپنے ملک کو واپس لوٹانے کا کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام معاشرے میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔
ورنگل میونسپل کارپوریشن ڈپٹی میئر جناب سید مسعود نے اپنے خطاب میں انڈین امریکنز فورم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام کمیونٹی میں شعور بیدار کرنے اور تعلیمی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔اس موقع پرڈاکٹر یعقوب ،ڈاکٹر محمد اجیت ، خازن محمد صمدانی ،محمد اقبال علی ،محمد نصیر الدین ،محمد خلیل الدین کے علاوہ ڈاکٹرس ،وکلاء ،صحافی حضرات ،پروفیسرس اور معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
News Source : Aleem Danish

