International Women’s Day celebrations at HDFC Bank, Kazipet

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ہنمکنڈہ ضلع کے قاضی پیٹ میں این آئی ٹی کے قریب واقع ایچ ڈی ایف سی بینک کی شاخ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ بینک انتظامیہ کی دعوت پر ورنگل ویسٹ کے رکنِ اسمبلی نائینی راجندر ریڈی کی صاحبزادی ڈاکٹر شری گودھا وشنو ریڈی مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔اس موقع پر انہوں نے بینک میں خدمات انجام دینے والی خواتین ملازمین کے ساتھ کیک کاٹ کر انہیں بین الاقوامی یومِ خواتین کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین آج ہر شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ڈاکٹر شری گودھا وشنو ریڈی نے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کو مختلف شعبوں میں مساوی مواقع اور مناسب مقام حاصل ہونا باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین گھریلو ذمہ داریوں سے لے کر سائنسی اور خلائی میدانوں تک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مقامی خواتین کو کسی بھی قسم کے مسائل درپیش ہوں تو ان کا خاندان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کے گھر کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ مذکورہ ایچ ڈی ایف سی بینک شاخ مکمل طور پر خواتین ملازمین کے ذریعے چلائی جا رہی ہے، جو خواتین کی بااختیاری کی ایک بہترین مثال ہے۔اس تقریب میں ایچ ڈی ایف سی بینک کی خواتین عملہ اور مقامی افراد نے شرکت کی۔
News Source : M.F. Baig Riaz

