ماہِ صیام میں عظیم الشان دعوتِ افطار کا انعقاد — اکابرینِ ملت کی شرکت ، اسدالعلماء مولانا محسن پاشاہ نقشبندی کا ایمان افروز خطاب۔

A grand Iftar party was held during the month of Ramadan – participation of the nation’s great leaders, faith-inspiring speech by the great scholar Maulana Mohsin Pasha Naqshbandi

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :
ماہِ صیام المبارک کی بابرکت ساعتوں میں اسلامی تاریخ کے عظیم واقعات کی یاد تازہ کرتے ہوئے بھارت سیوارتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء و مشائخ بورڈ محبوب نگر کی جانب سے 16 / رمضان المعظم مطابق 6 / مارچ بروز جمعہ کی شام کوئین بینکٹ ہال کشن باغ حیدرآباد میں ایک باوقار دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر باجماعت نمازِ مغرب ادا کی گئی اور بعد از مغرب حاضرین کی خدمت میں تناول تبرک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اس روح پرور محفل میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد کے علاوہ ممتاز علماء کرام ، مشائخ عظام اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی نے ماہِ رمضان المبارک کی روحانی برکتوں اور اسلامی تاریخ کے اہم واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ ماہِ صیام المبارک امتِ مسلمہ کیلئے رحمت ، مغفرت اور نجات کا پیغام لے کر آتا ہے۔ اسی مبارک مہینے میں کئی عظیم ہستیاں تاریخِ اسلام کا حصہ بنیں اور کئی عظیم قربانیاں پیش کی گئیں ۔ آپ نے کہا کہ اسی ماہ میں مالکنی جنت حضرتہ سیدہ بی بی فاطمۃ الزہراء رضی اللہ عنہا کی وفات ، خلیفۂ رسولؐ امیرالمؤمنین حضرت سیدنا امام حسن مجتبٰی رضی اللہ عنہ کی ولادت با سعادت ، شہدائے بدر رضوان اللہ علیہم اجمعین کی عظیم قربانیاں ، مولائے کائنات حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی شہادت اور ام المؤمنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی وفات جیسے عظیم واقعات ہمیں ایمان ، صبر ، ایثار اور اتباعِ سنت کا درس عظیم دیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اخوت ، محبت اور اتحاد کا عملی پیغام دیتا ہے اور مسلمانوں کو چاہئے کہ اس مہینے کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔اس بابرکت تقریب میں جن ممتاز علماء کرام و مشائخ عِظام نے شرکت فرمائی ان میں بالخصوص پیرِ طریقت حضرت مولانا الحاج سید شاہ محمود طاہری رضوی قادری المعروف حضرت سید ارشد پاشاہ صاحب قبلہ سجادہ نشین بارگاہ قادری باغ عنبرپیٹھ ، حضرت مولوی سید شاہ نور الدین حسینی صادق نقشبندی مجددی قادری جامع السلاسل نعمت نگر پرگی ، عمدۃ الحکمۃ حضرت مولانا الحاج سید شاہ نعمت اللہ قادری بانی مدرسہ عربیہ انوار العلوم ملحقہ جامعہ نظامیہ، حضرت مولانا قاضی محمد امتیاز احمد نقشبندی منتظم شعبۂ معتمدی جامعہ نظامیہ، نبیرہء کعبہء دکن حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی المعروف رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ،

حضرت مولانا حافظ الحاج مفتی ڈاکٹر محمد شبیر یعقوبی چشتی قادری شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ ، برادر سجادہ نشین بارگاہ جلالیؓہ گوگی شریف کرناٹک حضرت مولانا سید شاہ چندا حسینی زبیر بابا مولوی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ ، حضرت مولانا حافظ ڈاکٹر سید شاہ خلیل اللہ اویس بخاری نقشبندی مجددی قادری مولوی کامل جامعہ نظامیہ ، امیر امارتِ امت اسلامیہ حضرت مولانا قاضی الحاج صوفی محمد عبدالرزاق نقشبندی مجددی قادری مداری جامع السلاسل ، حضرت مولانا مفتی الحاج محمد سمیع الدین صابری قادری مولوی کامل التاریخ جامعہ نظامیہ ، حضرت مولانا مفتی محمد فضل احمد اشرفی بہار مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ، مولوی الحاج محمد عبدالعلیم انصاری چشتی قادری، الحاج محمد عبدالنعیم انصاری نقشبندی محبوب نگر ، حضرت مولانا حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ و صدر مؤدب دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹھ جڑچرلہ ضلع محبوب اور دیگر معزز شخصیات بھی شامل تھیں۔

نمازِ مغرب کی امامت حضرت مولانا الحاج ڈاکٹر حافظ مفتی محمد شبیر یعقوبی چشتی قادری شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ نے فرمائی۔ تقریب کے انتظامات میں جن حضرات نے نمایاں خدمات انجام دیں ان میں جناب سید حفیظ حسینی، جناب صوفی محمد خواجہ خان چشتی متولی پیرلہ مری درگاہ محبوب نگر ، جناب سید شاہ زین العابدین ریاض پاشاہ قادری پرگی ، جناب سید محمود حسینی ، جناب محمد مکین انصاری جامع السلاسل ، جناب محمد حسان انصاری حسنین پاشاہ جامع السلاسل ، جناب محمد معین مازن انصاری جامع السلاسل اور جناب محمد کوثر خان شامل ہیں۔

تقریب کے اختتام پر پیر طریقت حضرت مولانا الحاج سید شاہ محمود حسینی رضوی قادری سجادہ نشین قادری باغ عنبر پیٹھ نے مسلمانوں میں اتحاد و اتفاق امتِ مسلمہ کی سلامتی اقطاع عالم کے مسلمانوں کی سربلندی اور بالخصوص ملک بھارت میں امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ حاضرین نے اس روحانی اور باوقار دعوتِ افطار کے انعقاد پر اسدالعلماء مولانا محسن پاشاہ نقشبندی کو مبارکباد پیش کی اور اس طرح کے دینی و اصلاحی اجتماعات کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا-

News Source : Agency