Internal turmoil in Warangal Congress party. Nomination of two new members to temple trust board sparks row between state minister and local MLA
ورنگل- 14/ ستمبر
(اپنا ورنگل)
ورنگل ضلع کانگریس پارٹی میں اندرونی جھگڑا شدت اختیار کر گیا ہے۔ اس بار کا تنازعہ ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نائینی راجیندر ریڈی اور وزیر کونڈا سریکھا کے درمیان ہے۔ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب ریاستی وزیر کونڈا سریکھا نے شری بھدراکالی مندر کے ٹرسٹ بورڈ میں دو نئے ارکان کو مقامی رکن اسمبلی نائینی راجیندر ریڈی کے علم میں لائے بغیر نامزد کیا ہے۔ جس پر مقامی رکن اسمبلی نائینی راجیندر ریڈی نے سخت نکتہ چینی کرتے ہوے کہا کہ کسی بھی وزیر کو چاہیے کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب کے نمائندے سے مشورہ کرے اور تمام فریقین کے ساتھ رابطہ رکھے٬ نہ کہ یکطرفہ فیصلے کرے۔ انہوں نے وزیر کے اس رویہ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ اگر وزیر ایسی حرکتیں جاری رکھیں تو وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا میرے صبر کی حد کو پرکھنے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سامنے وزیر کے خلاف شکایت بھی درج کرائی ہے۔ اس کشیدگی کی وجہ سے کانگریس میں دھڑے بندی بڑھ گئی ہے اور پارٹی قیادت نے معاملے کو سلجھانے کیلئے چار رکنی وفد کو ورنگل بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے رہنماء اور کارکن اس بات پر نظر رکھے ہوئے ہیں کہ پارٹی کے اعلٰی حکام اندرونی اختلافات کو ختم کرتے ہوے پارٹی میں یکجہتی کو کیسے فروغ دیتے ہیں تاکہ ورنگل میں پارٹی کی ساکھ متاثر نہ ہو۔
News Source : Mohd. Munwaruddin


