Protection of human life is my sacred motto: Dr. Badar Muhammad Zaheer’s speech at IMA Hyderabad
(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
امریکہ کے شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والے ممتاز معالج ڈاکٹر بدر محمد ظہیر نے انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) حیدرآباد برانچ میں ایک فکرانگیز خطاب کیا، جس میں شہر کے تقریباً 75ماہرین ڈاکٹروں نے شرکت کی۔خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بدر ظہیرنے کہا کہ ان کی زندگی کا بنیادی مقصد انسانی جانوں کا تحفظ کرناہے اور انہوں نے طب برادری سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم مشن میں ان کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جان کاتحفظ محض ایک طبی فریضہ نہیں بلکہ میرے ایمان کا تقاضا بھی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے قرآنِ کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:”جس نے بھی ایک انسان کی جان بچائی، گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔“ اسی بنیادی نکتہ کے ساتھ وہ گذشتہ چار دہائیوں سے پیشہ طب میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ڈاکٹر ظہیرنے اپنے خطاب میں قابلِ انسداد اموات کے چار اہم اسباب پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے گڈ سمارٹن قانون (فرض ِانسانی )کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون کے تحت حادثات کے شکار افراد یا سانس لینے میں دقت محسوس کرنے والے مریضوں کی مدد کرنے والوں کو کسی قانونی کاروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ اگرچہ یہ قانون پہلے ہی نافذ ہے، تاہم اس سے متعلق عوامی شعور کو موجودہ نسل میں اُجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ حادثات کا شکار انسان کو ایک گھنٹہ کے اندرونی حصّہ(Golden Hour) میں ابتدائی طبّی امداد مل جائے تو اس کی جان بچانے کے امکانات قوی ہوتے ہیں۔
انہوں نےپانی میں ڈوبنے سے ہونے والی اموات کی روک تھام پر بھی زور دیا اور کہا کہ دریاؤں، جھیلوں ، ڈیمس اور سوئمنگ پولز پر تربیت یافتہ لائف گارڈز کی تعیناتی، لائف جیکٹس کی دستیابی اور حکومتی اداروں کی نگرانی نہایت ضروری ہے۔ڈاکٹر ظہیرنے ہنگامی طبّی سہولیات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے زمینی ایمبولینس کی خدمات کو مؤثر بنانے اور ایئر ایمبولینس سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ بروقت طبّی امداد کے ذریعے انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔
اس کے علاوہ آگ سے ہونے والے حادثات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کاروباری اداروں اور رہائشی عمارتوں میں سخت فائر سیفٹی اقدامات، پیشگی حفاظتی انتظامات اور باقاعدہ جانچ کو ناگزیر قرار دیا تاکہ اس سے بچا و کے قوی امکانات کو یقینی بنایاجاسکے۔اس موقع پر آئی ایم اے حیدرآباد برانچ کی جانب سے ڈاکٹر بدر محمدظہیرکو ان کی طبّی خدمات اور بصیرت افروز خطاب کے اعتراف میں تہنیت پیش کرتے ہوئے اعزازسے نوازا گیا۔
News Source: Mohd. Taqi

